عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جواہر اِنسٹی چیوٹ آف کوہ پیمائی اینڈ وِنٹر سپورٹس پہلگام کے ذریعے کامیاب کوہ پیمائی مہم کی پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی اور راج بھون میں مہم ٹیم کے ساتھ اِستفساری گفتگو کی۔کوہ پیمائی مہم کی ٹیم نے 20 ہزار فٹ سے اوپر 6 چوٹیوں (ماؤنٹ کانگ یاتسے۔I، ماؤنٹ کانگ یاتسے۔II، ماؤنٹ ڈیزو جونگو۔I، ماؤنٹ ڈزو جونگو ۔II، ماؤنٹ لونگسر کانگری اور ماؤنٹ چمسر کانگری) سمیت 9 چوٹیوں پر کامیابی کے ساتھ مہم مکمل کی ہے۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے کرنل ہیم چندر سنگھ کی قیادت والی ٹیم کو اس تاریخی کامیابی پر مبارک باد دی اور ان کی ستائش کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’یہ ہمارے کوہ پیماؤں کا ایک غیر معمولی کارنامہ ہے جس میں ہمت، عزم اور اہداف کے تئیں لگن کا اِظہار ہوتا ہے۔‘‘اُنہوں نے اس مشکل مشن کے دوران ٹیم کی ثابت قدمی، لگن، جرأت اور تنظیمی ہم آہنگی کی سراہنا کی جسے سخت موسمی حالات اور دشوار گزار علاقوں کی وجہ سے درپیش چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔لیفٹیننٹ گورنر نے خطے میں ایڈونچر سپورٹس، سکیئنگ اور کوہ پیمائی کے فروغ میں جواہر انسٹی چیوٹ آف مائونٹی نیرنگ اینڈ وِنٹر سپورٹس کے اہم رول پر بھی روشنی ڈالی۔