عظمیٰ نیوز سروس
لیہہ// معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی قیادت میں 100 سے زیادہ رضاکاروں نے اتوار کو یہاں سے قومی دارالحکومت کی طرف پیدل مارچ شروع کیا تاکہ مرکز سے لداخ کی قیادت کے ساتھ اپنے چار نکاتی ایجنڈے پر رکی ہوئی بات چیت کو دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا جا سکے۔ ‘دہلی چلو پد یاترا’ کا اہتمام لیہہ اپیکس باڈی نے کیاہے، جو کارگل ڈیموکریٹک الائنس کے ساتھ مل کر ریاست کا درجہ دینے، آئین کے چھٹے شیڈول کی جلد توسیع، لداخ کے لیے پبلک سروس کمیشن کے ساتھ بھرتی کا عمل اور لیہہ اور کرگل اضلاع کے لیے الگ الگ لوک سبھا سیٹیوں کی حمایت میں گزشتہ چار سالوں میں ایک ایجی ٹیشن کی قیادت کر رہے ہیں۔لداخ کے نمائندوں اور مرکزی حکومت کے درمیان بات چیت مارچ میں بغیر کسی ٹھوس نتیجے کے ختم ہوگئی تھی۔’بھارت ماتا کی جئے’ اور “ہم چھٹا شیڈول چاہتے ہیں” کے نعروں کے درمیان، LAB کے چیئرمین تھوپستان چھیوانگ نے این ڈی ایس میموریل پارک سے مارچ کو جھنڈی دکھاتے ہوئے وانگچک کے ساتھ اس امید کیساتھ روانہ کیاکہ حکومت2اکتوبر کو گاندھی جینتی کے موقع پر دہلی پہنچنے پر ایک اچھی خبر کے ساتھ ان کا استقبال کرے گی۔ وانگچک نے کہا”یہ اطمینان کی بات ہے کہ معاشرے کے تمام طبقوں کے لوگ بشمول بزرگ، خواتین اور نوجوان، ہمارے مطالبات کی حمایت میں اس مارچ میں شامل ہوئے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ یہ عوامی تحریک ہے اور حکومت کو بغیر سوچے سمجھے لداخیوں کے مطالبات پورے کرنے چاہئیں۔