وی اوآئی
سرینگر//جموں و کشمیر میں ترمیم شدہ صنعتی زمین الاٹمنٹ پالیسی 2021-30کو عملایا جائے گا۔ اب صنعتی زمین کی تقسیم کے لیے ایک موثر نظام ہوگا جبکہ نئی پالیسی کا مقصد سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومت کا کردار بھی قاعدہ سازسے سہولیت کارمیں تبدیل ہوگا۔ نئی پالیسی میں زمین کی تقسیم کا ایک شفاف طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مختلف صنعتی بستیوںکو بھی ترقی کی جائے گی۔سرکار کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کو ایک مضبوط صنعتی بنیاد کی ضرورت ہے جس کیلئے حکومت ایک جامع پالیسی بنا رہی ہے جس میں صنعتی زمین کی تقسیم کا موثر نظام ہوگا۔ محکمہ صنعت و حرفت کے کمشنر سیکریٹری وکرم جیت سنگھ کا کہنا ہے کہ اس پالیسی کامقصد سرمایہ کاری کو راغب کرنا اور روزگار پیدا کرنے کے علاوہ خطے میں صنعتوں کے لیے زمین کی دستیابی کو یقینی بنانا ہے۔انکا مزید کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت کاروباری افراد کو زمین آسانی سے مل سکے گی تاکہ وہ نئی صنعتوں کی بنیاد رکھ سکیں اور اس سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ خطے کی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔یہ پالیسی اپنانے کی تاریخ سے دس سال تک نافذ رہے گی تاہم، پالیسی کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جائے گا جس کی بنیاد متعلقین سے ملنے والی رائے اور اس دائرہ کار میں تبدیلی پر ہوگی جسے ضروری سمجھا جاتا ہے۔مسودہ پالیسی کے مطابق جموں و کشمیر میں صنعتی ترقی کے لیے نئی پالیسی شفاف طریقے سے صنعتی زمین کی تقسیم کرے گی ۔کاروبار کو آسان بنا کر سرمایہ کاری کو بڑھاوا دے گی۔ روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔ صنعتی پارک بنائے گی۔ اس طرح یہ پالیسی جموں و کشمیر میں صنعتی ترقی کو فروغ دے گی اور علاقے کی معیشت کو مضبوط بنائے گی۔ایک کمیٹی بلاک،میونسپل کارپوریشن،میونسپل کونسل ایک صنعتی زون کی اکائی ہوگی۔ صنعتی ترقی، مقام کی مرکزی حیثیت اور شہری کاری کی بنیاد پر ہر ضلع کو زون اے اور زون بی میں تقسیم کیا گیا ہے، تاکہ متوازن جغرافیائی صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ ہر زون میں الاٹمنٹ کے لیے زمین کی قیمتوں کا نوٹیفیکیشن حکومت کی جانب سے وقتاً فوقتاً کیا جائے گا۔لیز پریمیئم کو اعلیٰ سطحی الاٹمنٹ کمیٹی کی جانب سے پالیسی کے ابتدائی نوٹیفیکیشن سے ہر 5 سال بعد صارفین کی قیمت اشاریہ کی شرحوں کی بنیاد پر نظر ثانی کی جائے گی۔ سالانہ لیز کرایہ کو متعلقہ آئی ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری سے پالیسی کے ابتدائی نوٹیفیکیشن کے بعد ہر پانچ سال بعد نظر ثانی کی جائے گی، جس کی ادائیگی الاٹیز کی جانب سے متعلقہ آئی ڈی سی کو کی جائے گی۔پالیسی مسودہ کے مطابق صنعت اور تجارت کا محکمہ مختلف صنعتی علاقوں میں خالی زمین آن لائن ظاہر کرے گا۔ کاروباری لوگ آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ حکومت زمین کی تقسیم کے لیے معیارات طے کرے گی۔ درخواستیں قابلیت کی بنیاد پر منظور ہوں گی۔ امیدواروں کو پلاٹ کا انتخاب کا حق ہوگا۔ درخواست کے ساتھ فیس جمع کرانا ضروری ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے پروجیکٹ رپورٹ جمع کرنا ہوگی۔صنعتی زمین کی درخواستوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک صوبائی سطح کی کمیٹی بنائی جائے گی۔ اس کمیٹی میں مختلف محکموں کے نمائندے شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی درخواستوں کا جائزہ لے کر سفارشات کرے گی۔صنعت اور تجارت کے ڈائریکٹر، متعلقہ ڈویژنوں کے چیئرمین ہوںگے۔یہ پالیسی صنعت، تعلیم اور صحت کے شعبے سمیت صنعتی استعمال کے لیے زمین کی تقسیم کے لیے ایک منصفانہ اور شفاف طریقہ کار تیار کرنے پر مرکوز ہے۔ اس کا تصور جامع ترقی حاصل کرنے اور پائیدار صنعتی کاری اور روزگار پیدا کرنے کے ذریعے اقتصادی خوشحالی لانے کے نظریہ کے ساتھ کیا گیا ہے۔ مسودہ میں بتایا گیا ہے کہ اس ضمن میں پالیسی کا نظریہ یہ ہونا چاہیے ،’’صنعتی طور پر قابل استعمال زمین کو ایک اعلیٰ سطح پر منظم صنعتی زمین بینک میں تبدیل کیا جائے جو حقیقی کاروباری افراد کو آسانی سے تقسیم کے لیے دستیاب ہو، جو خطے کی معیشت کو زمین کی قید سے باہر نکال کر قومی پالیسیوں کے مطابق ایک پذیرا صنعتی سرمایہ کاری کے مقام پر تبدیل کر سکے۔‘‘مسودہ کے مطابق زمین الاٹمنٹ پالیسی خود کوئی مقصد نہیں بلکہ معاشرے کی بہتری کے حصول کا ایک ذریعہ ہے اس لیے زمین کی دستیابیت صنعتی ترقی میں ایک اہم کردار ادا کرتی ہے جس کا تعلق دیگر چیزوں کے ساتھ ساتھ خطائی معیشت کو قومی اور عالمی معیشتوں کے ساتھ مربوط کرنے سے ہے۔ مسودہ کے مطابق جموں و کشمیر صنعتی زمین پالیسی 2021 ایک ایسا فریم ورک فراہم کرتی ہے جو قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب اور حاصل کرے گا۔ اس لیے تجارتی شعبے کا مشن یہ ہے ’’۔مقابلہ جاتی صلاحیت کو بڑھا کر ترقی اور صنعتی ترقی کو فروغ دینا، کاروباری افراد کو جدید ترین زمین کا بنک دستیاب رکھنا، تیز رفتار صنعتی کاری کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اقتصادی ترقی کو بڑھانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا کرنا، صنعت کی پائیدار ترقی اور متوازن نمو کو یقینی بنانا تاکہ جموں و کشمیر کو سرمایہ کاری کے لیے پسندیدہ مقامات میں سے ایک بنایا جا سکے۔‘‘