عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے میرٹھ لکھنو ریل روٹ کے ساتھ ساتھ دیگر 2 ریل روٹوں پر ’وندے بھارت ٹرین‘ کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ میرٹھ لکھنو روٹ پر ’وندے بھارت ٹرین‘ شروع کیے جانے کو لے کر کچھ زیادہ ہی جشن کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ میرٹھ کے رکن پارلیمنٹ ارون گووِل نے اس موقع پر کہا ’’آن کا دن بہت تاریخی ہے۔ آج میرٹھ کو وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر ریل کے ذریعہ اتنا اچھا تحفہ ملا ہے‘‘۔وزیر اعظم نریندر مودی اس موقع پر بذاتِ خود موجود نہیں تھے لیکن ورچوئل طریقے سے انہوں نے عوام سے خطاب کیا۔ انہوں نے پہلے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ میرٹھ لکھنو، مدورئی بنگلورو اور چنئی ناگرکوئل روٹ کے لیے وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔ بعد ازاں اپنے ورچوئل خطاب میں پی ایم مودی نے کہا ’’آج شمال سے جنوب تک ملک کے ترقیاتی سفر میں مزید ایک باب جڑ رہا ہے۔ آج سے مدورئی-بنگلورو، چنئی-ناگرکوئل اور میرٹھ-لکھنوکے درمیان وندے بھارت ٹرینوں کی سروس شروع ہو رہی ہے۔ آج جو تین وندے بھارت ٹرینیں شروع ہوئی ہیں اس سے ملک کے اہم شہر اور تاریخی مقامات کو کنکٹیویٹی ملی ہے۔ یہ ٹرینیں تیرتھ یاتریوں کے لیے سہولت دے گی اور اس سے طلبا، کسانوں، آئی ٹی کے لوگوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ جہاں وندے بھارت کی سہولت پہنچ رہی ہے، وہاں سیاحوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔‘‘پی ایم مودی کا کہنا ہے کہ ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے جنوب کی ریاستوں کی تیز رفتار ترقی بہت ضروری ہے۔