عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//دہلی میں فضائی آلودگی طویل عرصے سے ایک سنگین مسئلہ ہے لیکن اب اس نے اور بھی زیادہ خطرناک صورتحال اختیار کر لی ہے۔ جس کا انکشاف ایک رپورٹ میں ہوا ہے۔ ایٔر کوالیٹی لائف انڈکس 2024 کی ایک رپورٹ نے سبھی کو چونکا دیا ہے جس کے مطابق فضائی آلودگی کی وجہ سے قومی دارالحکومت میں رہنے والے لوگوں کی عمر میں 12 سال تک کی کمی آسکتی ہے۔ فکر کی بات یہ بھی ہے کہ دہلی میں رہنے والے 1.8 کروڑ لوگ فضائی آلودگی کے سبب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے گائیڈنس کے مقابلے میں اوسطاً 11.9برس کی اپنی زندگی کو گنوانے کے دہانے پر ہیں۔یونیورسٹی آف شکاگو (ای پی آئی سی) کی انرجی پالیسی انسٹی چیوٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق دہلی ملک کے شمالی میدانی علاقوں میں سب سے آلودہ شہروں میں سے ایک ہے۔ حکومت ہند کے قومی پیمانے کے مطابق اگر آلودگی کی موجودہ سطح اسی طرح جاری رہتی ہے تو باشندگان کی زندگی کی عمر میں 8.5 سال تک کی کمی آ جائے گی۔ ڈبلیو ایچ او کے اسٹینڈرڈس کے لحاظ سے اگر بات کی جائے تو یہاں رہنے والے لوگوں کی زندگی کی عمر میں 12 سال تک کی کمی آسکتی ہے۔ (بشکریہ قومی آواز)