محمد تسکین
بانہال//بانہال اور رام بن میں پچھلے کئی روز سے وقفے وقفے کی ہلکی بارشوں سے عام لوگوں اور کسانوں نے راحت کی سانس لی ہے اور بانہال ، کھڑی مہو منگت ، پوگل پرستان ، سینابتی ، بٹوت ، گول کے سرمائی علاقوں میں صبح اور شام کے اوقات میں سردی بھی محسوس کی جارہی ہے ۔ ضلع رام بن کے ان علاقوں میں اس سال کے گرما میں شدید بارشوں اور کئی مہینے تک بارشوں کے نہ ہونے کی وجہ سے یہ ضلع بھی گرمی کی شدید لپیٹ میں رہا اور ناقابل برداشت گرمی اور حبس کی وجہ سے ان علاقوں میں بھی لوگوں نے پہلی بار بجلی سے چلنے والے پنکھے لگائے ہیں جبکہ سینکڑوں صاحب ثروت افراد نے ائیر کنڈیشنر بھی لگوائے تاکہ شدید گرمی کی شدّت سے بچا جا جاسکے ۔
کئی لوگوں نے کہا کہ گرمیاں تو پچھلے کئی برسوںسے پڑ رہی ہیں لیکن اس سال بکرمی سال ، جیٹھ ، ہاڑ اور ساون میں بارشوں کے نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو گرمی اور حبس سے برا حال رہا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع رام بن کے کھڑی مہو منگت ، گول ، بٹوت اور رام بن بانہال کے کئی علاقوں میں گرمی کی شدت قدرے کم ہوتی تھی لیکن اس سال گرمی کی وجہ مال مویشیوں کیلئے سبز گھاس کے لالے پڑ گئے اور کئی لوگوں نے ذبن ، مہو منگت ، ٹھنڈی چھاوں ، بٹوت وغیرہ کے علاقوں سے وقت سے پہلے گھاس کی تلاش میں ہجرت کی۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے آئندہ کئی روز تک مزید بارشوں اور چار ہزار فُٹ سے بلند چوٹیوں پر برفباری کی پیشگوئی کر رکھی ہے ۔ادھر رام بن ضلع میں وقفہ وقفہ سے ہلکی ہلکی بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بنا کسی خلل کے جاری تھا اور دو طرفہ مسافر اور مال ٹریفک بغیر کسی خلل کے شام دیر تک چل رہا تھا ۔ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں جمعرات کی سہ پہر سے بارشیں ہو رہی ہیں تاہم شاہراہ پر مسافر گاڑیوں کے ساتھ مال گاڑیاں بھی دو طرفہ ٹریفک میں چل رہی ہیں اور کشمیر سے مال اور ایندھن لینے والے ٹینکر جموں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے شاہراہ کا سفر کرنے والوں سے اورمور ٹیکنگ ڈے پاک لین ڈرائیونگ میں چلنے کی تلقین کی ہے ۔