عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//جموں وکشمیر کے عوام کو اس وقت بدترین، شاطر اور ابن الوقت سیاسی طاقتوں کیساتھ مقابلہ ہے، جو ریاست کے لوگوں کو مذہب، زبان، رنگ و نسل اور علاقائی بنیادوں پر تقسیم کرنے پر تُلے ہوئے ہیں، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے جموں وکشمیر کے عوام کو آئینی اور جمہوری حقوق سے محروم کردیا ہے اور یہ لوگ آج بھی یہاں کے عوام کو کمزور کرنے پر تُلے ہوئے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار صدرِ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے ضلع رام کے بانہال، گول اور سنگلدان سے آئے ہوئے پارٹی لیڈران اور عہدیداران سے اپنے رہائش گاہ پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر سینئر پارٹی لیڈر اور اُمیدوار برائے حلقہ انتخاب بانہال سجاد شاہین، ڈی ڈی سی چیئرپرسن رام بن ڈاکٹر شمشاد بیگم موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ جن طاقتوں نے ملک میں فرقہ پرست کو عام کرکے نفرت کی دیواریں کھڑی کردیں وہ لوگ اور اُن کے مقامی آلہ کار جموں وکشمیر کو بھی اسی سمت میں لے جانا چاہتے ہیں۔ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ہمارے حقوق سلب کردیئے اور اب ہماری شناخت، ہماری انفرادیت، ہماری وحدت اور کشمیری کو پارہ پارہ کرنے کے منصوبے پر عمل پیر اہے۔ یہ لوگ یہاں کے عوام کو سیاسی، جمہوری، اقتصادی اور معیشی بدحالی کے بھنور میں ڈال کر پوری طرح محتاج بنانے کے ناپاک عزائم رکھتے ہیں اور جموں وکشمیر کے عوام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ وقت رہتے ، دشمن عناصر اور اُن کے ناپاک ارادوں اور عزائم کو سمجھ کر ان کی ناکامی میں اپنا رول بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد و اتفاق اور پُرعزم رہ کر دشمن عناصر کو ناکام بنایا جاسکتا ہے اور مجھے اُمید ہے کہ لوگ نیشنل کانفرنس کے پرچم تلے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرکے اپنی اس آبائی جماعت کو مضبوط کریں گے تاکہ جموںوکشمیر کے مظلوم اور محکوم عوام کو راحت پہنچائی جائے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ پسماندہ اور پچھڑے طبقوں کیلئے نیشنل کانفرنس نے جو کام کیا ہے اُس کا کوئی ثانی نہیں ہے اور جو لوگ آج کل ریزویشن کے معاملے پر گمراہ کُن پروپیگنڈا چلا رہے ہیں انہوں نے یہاں کے غریب اور پسماندہ طبقوں کے جذبات اور احساسات کا استحصال کیا۔ پارٹی صدر نے پارٹی عہدیداروں، کارکنوں اورحامیوں سے اپیل کی کہ وہ نیشنل کانفرنس کے اُمیدواروں کو کامیاب بنانے کیلئے مل کرکام کریں اور پارٹی کی شاندار و بھاری اکثریت سے کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں۔ تقریب پر ڈی پی اے پی اوراپنی پارٹی کے تمام مقامی عہدیداروں اور کارکنوں نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقعے پر پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کیا گیا۔ اس سے قبل وفد عمر عبداللہ سے بھی ملاقی ہوا۔