عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// لیجنڈز لیگ کرکٹ کا تیسرا سیزن 20 ستمبر کو کو شروع ہو رہا ہے اور اِس بار لیگ جودھپور سے شروع ہو گی اور سرینگر کے بخشی سٹیڈیم میں ختم ہو گی۔
لیگ کا آغاز 20 ستمبر کو برکت اللہ خان سٹیڈیم، جودھپور میں ہوگا۔ چھ ٹیموں کے درمیان کل 25 میچز کھیلے جائیں گے اور آخری دو ٹیمیں 16اکتوبر کو فائنل کھیلیں گی۔
فرینچائز پر مبنی اس ٹورنامنٹ میں 200 سے زائد کھلاڑی شامل ہوں گے اور اس کا فائنل بخشی سٹیڈیم، سری نگر میں منعقد ہوگا۔
لیجنڈز لیگ کرکٹ کے کو-فاؤنڈر، رمن راہیجا نے کہا، “لیجنڈز لیگ کرکٹ ایک اور سیزن کے ساتھ واپس آ رہی ہے اور ہمیں بہت خوشی ہے کہ ہم اس سیزن میں کشمیر میں بھی کھیلیں گے۔ یہ کشمیر کے لوگوں کے لیے ایک بہت بڑا موقع ہے کہ وہ تقریباً 40 سال بعد پہلی بار سٹیڈیم میں آکر لائیو کرکٹ ایکشن دیکھ سکیں گے”۔
انہوں نے مزید کہا، “یہ کرکٹرز کے لیے بھی ایک منفرد موقع ہے کہ وہ کشمیر کی خوبصورتی کا تجربہ کریں اور سرینگر کے لوگوں کی مہمان نوازی اور محبت کا لطف اٹھائیں”۔
منتظمین نے بتایا کہ پچھلے سیزن کے دوران، 19 میچز پر مشتمل لیگ نے پورے بھارت میں 180 ملین کی بڑی تعداد میں ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کیا۔
اُنہوں نے کہا، “ایک بہترین شیڈول اور شکھر دھون اور دنیش کارتک جیسے حالیہ ریٹائرڈ کرکٹرز کی موجودگی کے ساتھ، آنے والا سیزن پچھلے ریکارڈز کو توڑنے کے لیے تیار ہے”۔
پچھلے ایڈیشن میں، جو بھارت میں منعقد ہوا تھا، بین الاقوامی مایہ ناز کھلاڑی جیسے سریش رینہ، ایرون فنچ، مارٹن گپٹل، حالیہ بھارتی کوچ گوتم گمبھیر، کرس گیل، ہاشم آملہ، روس ٹیلر اور دیگر 110 لیجنڈری کرکٹرز نے شرکت کی۔
لیگ کا آغاز جودھپور سے ہوگا اور پھر لالبھائی کنٹریکٹر سٹیڈیم، سورت پہنچے گی۔ تیسرا مرحلہ مولانا آزاد سٹیڈیم، جموں میں کھیلا جائے گا۔
اس ایونٹ کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی جمعرات کو یہاں منعقد کی جائے گی۔