محمد تسکین
بانہال// رام بن کی راجگڑھ تحصیل میں پیر کے روز بادل پھٹنے کے بعد آئے سیلابی ریلوں کی نذر ہوئے سات افراد میں سے ایک اور لڑکی کی لاش کو برآمد کیا گیا ہے اور اس طرح اب تک تین لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
حادثے کے بعد سے لاپتہ ہوئے مزید چار افراد کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔
مقامی ڈی ڈی سی کونسلر راجگڑھ محمد شفیع زرگر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بچاو ٹیموں نے صبح شازیہ بانو عمر سات سال ولد سجاد احمد شان ساکنہ ڈونگر ڈھاندلہ کی لاش کو آج صبح نالے سے برآمد کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ لاش جسے حادثے سے تین کلومیٹر دور برآمد ہوئی ہے اور ابھی بھی دو مائیں اور ان کی دو بیٹیاں لاپتہ ہیں۔
تحصیل انتظامیہ کی نگرانی میں پولیس ، ایس ڈی آر ایف، کیو آر ٹی والنٹیئرس راج گڑھ اور مقامی لوگوں کی طرف سے لاشوں کو نکالنے کی کاروائی آج تیسرے روز بھی جاری ہے۔