عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیرصوبے کے لیے غنچہ ابریشم کی بولی کیلئے کل سے مارکیٹ شروع ہو گئی ہے۔سرینگر کے سیریکلچر کمپلیکس میں منڈی کا افتتاح، ڈائریکٹر سیریکلچر اعجازاحمد بٹ نے کیا۔محکمہ غنچوں کے کاشتکاروں اور مقامی اور بیرونی دونوں خطوں سے خریداروں کو مارکیٹ فراہم کررہا ہے جس سے کاشتکاروں کو ان کی پیداوار کا اچھا منافع ملے گا۔اگلے چند دنوں میںسرینگر ،پٹن، سونہ واری اور بڈگام کے ریشم کے کیڑے پالنے والوں کواپنی فصل بیچنے کا موقع ملے گا۔افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اعجاز احمدنے کہا کہ پورے کشمیر میں نیلامی کے مارکیٹ کا اہتمام کیا جائے گااوراس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ ریشم کے کیڑے پالنے والے فائدہ اٹھا سکیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام محکمہ سیریکلچر کی مضبوط حکمت عملی کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو مناسب قیمتوں پر اپنی پیداوار فروخت کرنے کے لیے مناسب سہولیات فراہم کرنا،ریشم کے کیڑے کے ریلنگ کے قیام اور ریشم کی صنعت کو فروغ دینا محکمہ کی ترجیحات ہیں ۔بٹ نے کہا کوکون نیلامی بازار کوکون پیدا کرنے والے کسانوں کی آمدنی میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کرنے کی توقع ہے، کیونکہ اس سے مقامی اور غیر مقامی خریداروں کی مسابقتی بولی کے ذریعے بہتر قیمتوں کا حصول ممکن ہو سکے گا۔ محکمہ نے کوکون نیلامی کے عمل کی کامیاب تکمیل کے لیے تمام ضروری انتظامات کر لیے ہیں۔ریشم کیڑے پالنے والے کسان اور خریدار کوکون نیلامی بازار میں کوکون کی خرید و فروخت میں مصروف نظر آئے۔اس موقعہ پر محکمہ کے سینئر افسران اور کسانوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔