عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
ٹوکیو// جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ خطرناک طوفان ‘شانشان’ بدھ کے روز مغربی جاپان میں دستک دے سکتا ہے اور رہائشیوں، خاص طور پر بحرالکاہل کے ساحل کے ساتھ رہنے والوں سے تیز ہواؤں، اونچی لہروں اور شدید بارش سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی تلقین کی۔جاپان کی موسمیاتی ایجنسی (جے ایم اے ) نے پیر کو یہ اطلاع دی۔ جے ایم اے کے مطابق، سال کا دسواں طوفان اس وقت جنوب مغربی جاپانی جزیرے امامی اوشیما کے قریب سمندر کے شمال مغرب کی طرف بڑھ رہا ہے اور اس ہفتے کے آخر میں ایک انتہائی طاقتور ٹائفون میں تبدیل ہو سکتا ہے ۔ایجنسی نے کہا کہ آنے والے طوفان کی وجہ سے منگل سے بدھ تک مغربی جاپان میں بہت تیز ہوائیں چلنے کی توقع ہے ۔ جنوبی کیوشو اور امامی میں زیادہ سے زیادہ ہوائیں 60 میٹر فی سیکنڈ تک پہنچ سکتی ہیں، جبکہ جنوبی کیوشو، شیکوکو اور امامی میں نو میٹر تک اونچی لہروں کی توقع ہے ۔جے ایم اے نے شدید بارش کو ایک بڑی تشویش قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمعرات دوپہر تک، مغربی سے مشرقی جاپان کے کچھ علاقوں میں اگلے 24 گھنٹے میں 300 سے 400 ملی میٹر بارش ہونے کا اندازہ ہے ، جس سے ریکارڈ توڑ سیلاب آسکتا ہے اور لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوسکتی ہے ۔جے ایم اے کے ترجمان نے پیر کو خبردار کیا کہ اگر طوفان کی رفتار کم ہوئی تو بارش کی مقدار مزید بڑھ سکتی ہے ۔ انہوں نے مسلسل چوکسی کی ضرورت پر زور دیا۔ایجنسی نے لینڈ سلائیڈنگ، نشیبی علاقوں میں سیلاب اور ندیوں میں طغیانی اور شدید بہاؤ کے خلاف سخت احتیاطی تدابیر پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خاص طور پر مغربی سے مشرقی جاپان تک بڑے پیمانے پر اثرات ہوسکتے ہیں اس لیے رہائشیوں کو تیار رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے ۔ملک کے بڑے ریلوے آپریٹرز میں سے سینٹرل جاپان ریلوے کمپنی نے طوفان کی وجہ سے جمعرات سے ہفتہ تک سروس کی ممکنہ معطلی کا اعلان کیا ہے ۔ مسافروں سے موسم کی تازہ کاریوں اور ٹرین آپریشنز کے بارے میں باخبر رہنے کی درخواست کی، کیونکہ موسم میں غیر متوقع تبدیلیوں سے طویل وقت تک سروس میں خلل پڑسکتا ہے ۔