یو این آئی
نئی دہلی// کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے جرم کے بدلے بلڈوزر چلاکر ایک خاندان کو بے گھر کرنا سراسر ناانصافی اور بربریت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ غیر انسانی فعل ہے، جسے فوری طور پر روکا جانا چاہئے۔ واڈرا نے کہا کہ کسی مجرم کو سزا دینے کیلئے اس کے گھر پر بلڈوزر چلانا انصاف نہیں کہا جا سکتا۔ کسی بھی مہذب معاشرے میں ملزم کے خاندان کا گھر بلڈوزر سے توڑ کر جرم کی سزا نہیں دی جا سکتی۔ یہ انصاف نہیں بلکہ ناانصافی ہے اور قانون کی صریح خلاف ورزی ہے اسلئے اسے فوری طور پر روکا جانا چاہئے۔ کھڑگے نے کہا ’’کسی کے گھر کو گرانا اور اس کے خاندان کو بے گھر کرنا غیر انسانی اور غیر منصفانہ ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کی حکومت والی ریاستوں میں اقلیتوں کو بار بار نشانہ بنایا جانا پریشان کن ہے۔ قانون کے معاشرے میں ایسی حرکتیں قابل قبول نہیں ہیں‘‘۔انہوں نے اس کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ایک غیر انسانی عمل قرار دیا اور کہا کہ’کانگریس اسے آئین کی سنگین خلاف ورزی اور شہریوں میں خوف پیدا کرنے کی حکمت عملی سمجھتی ہے اور بی جے پی کی حکومتوں کی جانب سے ملزم کے گھر کو گرانے کے لیے بلڈوزر استعمال کرنے کی سخت مذمت کرتی ہے‘۔ انہوں نے کہا’’انتشار قدرتی انصاف کی جگہ نہیں لے سکتا – جرائم کا فیصلہ عدالتوں میں ہونا چاہئے‘‘۔ واڈرا نے کہا ’’اگر کسی پر جرم کا الزام ہے تو صرف عدالت ہی اس کے جرم اور اس کی سزا کا فیصلہ کر سکتی ہے، لیکن جیسے ہی الزامات لگتے ہیں، ملزم کے خاندان کو سزا دینا، ان کے سروں سے چھت چھیننا، انتہائی ناانصافی ہے۔ قانون کی پیروی نہ کرنا، عدالت کی نافرمانی کرنا، الزام لگتے ہی ملزم کا گھر گرانا، یہ انصاف نہیں ہے۔