یو این آئی
نئی دہلی// مرکزی حکومت نے بدھ کو الہ آباد ہائی کورٹ کے نو ایڈیشنل ججوں اور آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے دو ایڈیشنل ججوں کو ان ہی ہائی کورٹس کے مستقل ججوں کے طور پر تقرری کا اعلان کیا۔مرکزی وزارت قانون و انصاف نے دو الگ الگ نوٹیفیکیشن جاری کرکے کہا ہے کہ صدر جمہوریہ نے آئین ہند کے آرٹیکل 217 کی شق (1) کے ذریعے عطا کردہ اختیار کا استعمال کرتے ہوئے ان مستقل ججوں کو تقرری کی اجازت دی ہے۔ نوٹیفکیشنز کے مطابق الہ آباد ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس سید قمر حسن رضوی، جسٹس منیش کمار نگم، جسٹس انیش کمار گپتا، جسٹس نند پربھا شکلا، جسٹس شتیج شیلندر، جسٹس ونود دیواکر، جسٹس پرشانت کمار، جسٹس منجیو شکلا اور جسٹس منیش کمار کی تقرری کی گئی ہے۔ ارون کمار سنگھ دیشوال کو ترقی دے کر اسی ہائی کورٹ میں مستقل جج مقرر کیا گیا ہے۔اسی طرح آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج جسٹس وینکٹا جیوترمائی پرتاپ اور جسٹس وینوتھراملی گوپال کرشنا راؤ کو مستقل جج مقرر کیا گیا ہے۔