یواین آئی
نئی دہلی// ہندوستان کے دورے پر آئے ماریشس کی قومی اسمبلی کے اسپیکر ڈوول ایڈرین چارلس نے پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی۔ اس موقع پر برلا کے دوبارہ اسپیکر کے عہدے پر فائز ہونے پر دوول نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ برلا نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وہ ماریشس کی قومی اسمبلی کے اسپیکر کے طور پر تقرری کے بعد سرکاری دورے پر ہندوستان آنے والے پہلے شخص ہیں۔ برلا نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی اور مضبوط باہمی تعلقات کا عکاس ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دوول کی قیادت میں آئی پی یو جیسے بین الاقوامی پارلیمانی فورموں میں ہندوستان اور ماریشس کے درمیان تعاون مزید بڑھے گا۔ہندوستان کے 78 ویں یوم آزادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی کال پر ملک کے کروڑوں خاندانوں نے ‘ہر گھر ترنگا’ کے تحت اپنے گھروں پر ہندوستان کا قومی پرچم لہرایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مہم ترقی یافتہ ہندوستان کے مقصد کے تئیں کروڑوں ہندوستانیوں کے عزم کی علامت ہے۔ ہندوستان میں پارلیمانی جمہوریت کی کامیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ آئین ملک کی طاقت اور اس کی جان ہے۔ اس حقیقت کا ذکر کرتے ہوئے کہ آج ہندوستان دنیا کی 5ویں بڑی معیشت ہے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ 78 برسوں میں ملک میں وسیع سماجی و اقتصادی تبدیلیاں آئی ہیں۔ اس تناظر میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ بات چیت اور مذاکرات سے نہ صرف بہت سے مسائل حل ہوئے ہیں بلکہ ملک کی ترقی کا سفر بھی ہموار ہو تا ہے۔ہندوستان اور ماریشس کے درمیان پرانے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے لوک سبھا اسپیکر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان روحانیت، زبان اور ثقافت سے متعلق بہت سی مماثلتیں ہیں جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے لوگ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دوول نے کہا کہ وہ ہندوستان کے ان کے دورے کے دوران ان کا جس پْرتپاک انداز سے خیرمقدم کیا گیا اس کے لیے وہ شکر گزار ہیں۔ انہوں نے لوک سبھا اسپیکر مسٹر اوم برلا کو ان کے تاریخی دوبارہ انتخاب پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ہندوستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر ماریشس کے عوام اور پارلیمنٹ کی جانب سے مبارکباد پیش کی۔ ہندوستانی انتخابی عمل کی تعریف کرتے ہوئے مسٹر دوول نے الیکشن کمیشن کے منصفانہ اور شفاف کام کو سراہا۔ہندوستان اور ماریشس کے باہمی تعلقات کو انتہائی خاص قرار دیتے ہوئے مسٹر دوول نے ماریشس کی پارلیمنٹ کو سنساد ٹی وی کی طرف سے فراہم کی جانے والی مدد کے لیے شکریہ ادا کیا۔