لندن /عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک/سابق وزیر اعظم و ارب پتی تھاکسن شیناوترا کی 37 سالہ بیٹی پیتونگاترن شیناوترا تھائی لینڈ کی سب سے کم عمر وزیر اعظم منتخب ہوگئیں، وہ ملک کی قیادت کرنے والے بااثر لیکن منقسم خاندان کی تیسری رکن ہیں۔ پیتونگاترن شیناوترا تھائی لینڈ کی سب سے کم عمر رہنما اور اپنی خالہ ینگ لک کے بعد دوسری خاتون وزیر اعظم ہوں گی، انہوں نے دو عدالتی فیصلوں کے بعد یہ عہدہ سنبھالا ہے جس نے مملکت کی سیاست کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ایوان نمائندگان کے اسپیکر وان محمد نور متھا نے لائیو ٹی وی پر اعلان کیا کہ قانون سازوں نے فیو تھائی پارٹی کی پیتونگاترن شیناوترا کو 145 کے مقابلے میں 319 ووٹوں سے وزیر اعظم کے طور پر منتخب کرلیا ہے۔بعد ازاں پیتونگاترن شیناوترا نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں واقعی امید کرتی ہوں کہ میں لوگوں میں اعتماد پیدا کروں گی، میں زندگی کے معیار کو بہتر بنانے اور تمام تھائی باشندوں کو بااختیار بنانے کی امید کرتی ہوں۔