عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// اودھم پور ضلع کے بسنت گڑھ کے خانید علاقے میں اتوار کو جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینسی مخالف آپریشن شروع کیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہم مسلسل ان ملی ٹینٹوں کا سراغ لگا رہے تھے جو 28 اپریل کو خانید کے علاقے میں فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے تھے۔
اُنہوں نے کہا کہ اتوار کی شام کو ایک بار پھر سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کا آمنا سامنا ہوا، جس درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، تاہم اس دوران کسی کے زخمی ہونے یا مارے جانے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔
افسر نے مزید کہا کہ فرار ہونے والے تمام راستوں کو بند کر کے پہرے بٹھا دیے گئے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ علاقے میں سیکورٹی فورسز کی اضافی کمک بھیج دی گئی ہے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔