عظمیٰ نیوز ڈیسک
حیدرآباد//مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کا شمار ملک کی باوقار یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے۔ یہاں طلبہ کو تمام سہولیات دستیاب ہیں۔ اب یہ طلبہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے وقت کا مثبت استعمال کریں۔یونیورسٹی میں رینگنگ کی سخت ممانعت ہے ۔ اگر کوئی طالب علم اس کا قصور وار پایا جائے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلرپروفیسر سید عین الحسن نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں طلبہ کے تعارفی پروگرام (SIP) میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر علیم اشرف جائسی، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر نے ایس آئی پی کے متعلق تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ایس آئی پی کے ذریعہ طلبہ کو ایک ہفتہ میں یونیورسٹی اور اس میں دستیاب سہولتوں اور یہاں کے اصول و ضوابط سے واقف کروانا مقصود ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی ایس ڈبلیو کی ٹیم ہمہ وقت طلبہ کی فلاح و بہبود کیلئے دستیاب رہتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ طلبہ اپنی ترقی کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کی ترقی میں نمایاں رول ادا کریں گے۔ انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ جاریہ تعلیمی سال سے یونیورسٹی کے مختلف پروگراموں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی اگلے تعلیمی سال کی فیس معاف کرے گا۔رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمدنے طلبہ کے اس تعارفی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں طلبہ کے لیے تمام سہولتیں دستیاب ہیں۔ یہ طلبہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان سے فائدہ اٹھائیں اور اپنا کیریئر تابناک بنائیں۔