غلام نبی رینہ
کنگن//6.5کلو میٹر زیڈ مور ٹنل کا کام مکمل ہوگیا ہے اور اسے15ستمبر تک کھول دیا جائے گا۔ٹنل استعمال کرنے پر کسی بھی گاڑی سے ٹول ٹیکس نہیں لیا جائیگا۔اس ٹنل کو بنانے والی تعمیراتی کمپنی15برس تک اسکی دیکھ ریکھ کرے گی۔ سونہ مرگ کو وادی کشمیر کے دیگر سیاحتی مقامات کی طرح سال بھر کھلا رکھنے کے لئے مرکزی سرکار نے گگن گیر سے شتکڑی سونمرگ تک 6.5کلو میٹر زیڈ مور ٹنل پر جولائی 2020 میں کام شروع کیا۔ 2400کروڑروپے کی لاگت سے بنائی گئی ٹنل کو تعمیر کرنے کے لئے انجینئر اور دیگر 1500 افراد نے کام کیاتاکہ ٹنل کو مقررہ وقت کے اندر مکمل کرلیا جائے ۔
یہ ٹنل سونمرگ کو سال بھر سیاحوں کیلئے قابل رسائی بنے گی اور شدید برفباری میں بھی یہاں لوگ آسکیں گے۔مقامی و غیر مقامی سیلانیوں کوموسم سرما میں سونمرگ کی برفیلی پہاڑوں کا نظارہ دیکھنے تک رسائی حاصل کرنے کیلئے یہ ٹنل اہمیت کی حال تھی جس سے یہاں کی سیاحت کو مزید فروغ حاصل ہوگا ۔زیڈ مور ٹنل میں سفر کرنے کے دوران تمام سہولیات کا دھیان رکھا گیا ہے۔ گاڑیوں کے دھویں کو خارج کرنے کیلئے پنکھے، بجلی کا معقول انتظام، پانی نکالنے کیلئے نکاسی سسٹم،پیدل چلنے والوں کیلئے فٹ پاتھ وغیر کے انتظامات کئے گئے ہیں۔موسم سرما کے دوران سرینگر سونمرگ سڑک پر ہنگ کے مقام پر برفانی تودے گرآتیہیں جس کی وجہ سے سونمرگ کو دسمبر میں ہی آمدورفت کے لئے بند کیا جاتا تھا اور سونمرگ کی سیرو تفریح پر آنے والے سیاحوں کو گگن گیر سے ہی واپس لوٹنا پڑتا تھا۔جنرل منیجر( این ایچ آئی ڈی سی ایل) کرنل ایم ایس شرما کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ٹنل کا کام مکمل ہوا ہے اور 15ستمبر تک سے عوام کے نام وقف کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پہلے گگن گیر سے سونمرگ تک پہنچنے میں آدھے گھنٹے کا سفر لگ جاتا تھا لیکن اب ٹنل سے صرف 9منٹ کا سفر ہوگا ۔جنرل منیجر نے بتایا کہ’ اپکو‘ نامی تعمیراتی کمپنی نے بہترین کام کیا ہے اور4 سال میں بی آر او یا پی ڈبلیو ڈی نے بھارت کی کسی بھی جگہ پر 4 سال میں ایسی ٹنل تعمیر نہیں کی ہے۔ کرنل شرما نے بتایا کہ 15سال تک ٹنل کی دیکھ ریکھ کا کام تعمیراتی کمپنی ’اپکو‘ کو کرنا ہے اور پندرہ سال کے بعد ٹنل کو ایل ایچ آئی ڈی سی ایل کے حوالے کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹرانسپورٹروں کو ٹنل سے گزرنے کے لئے کوئی ٹول ٹیکس نہیں دینا ہوگا ۔