یو این آئی
نئی دہلی// یونین پبلک سروس کمیشن نے متنازع ٹرینی آئی اے ایس آفیسر پوجا منورما دلیپ کھیڈکر کی عارضی امیدواری کو منسوخ کر دیا ہے اور انہیں مستقبل کے تمام امتحانات یا انتخاب سے مستقل طور پر روک دیاہے۔کمیشن نے بدھ کو کہا کہ دستیاب دستاویزات کی جانچ کرنے کے بعد کھیڈکر کو سول سروسز ایگزامینیشن سی ایس ای-2022 کے قوانین کی خلاف ورزی کا قصوروار پایا گیا ہے۔ کمیشن نے 2009 سے 2023 تک پندرہ ہزار سے زائد سفارشی امیدواروں کے 15 سال کے ڈیٹا کا بھی جائزہ لیا ہے۔کمیشن نے کھیڈکر کو دھوکہ دہی سے فوائد حاصل کرنے پر 18 جولائی کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا۔ کھیڈکر کو 25 جولائی تک نوٹس کا جواب دینا تھا، تاہم انہوں نے اس کے لئے 4 اگست تک کا وقت دینے کی درخواست کی تھی تاکہ وہ ضروری دستاویزات جمع کر سکیں۔کمیشن نے کہا کہ کھیڈکر کی درخواست پر احتیاط سے غور کیا گیا اور انصاف کے نظریہ سے انہیں جواب دینے کے لیے 30 جولائی کی سہ پہر ساڑھے تین بجے تک کا وقت دیا گیا۔ ڈیڈ لائن میں توسیع کے باوجود وہ مقررہ وقت میں اپنی وضاحت پیش کرنے میں ناکام رہیں۔کمیشن نے دستیاب دستاویزات کا بغور جائزہ لیا اور انہیں قواعد کے التزامات کی خلاف ورزی کا قصوروار پایا۔ اس امتحان کیلئے ان کی عارضی امیدواری منسوخ کر دی گئی ہے اور انہیں کمیشن کے تمام امتحانات یا انتخاب سے مستقل طور پر روک دیا گیا ہے۔ کھیڈکر کے معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں کمیشن نے 2009 سے 2023 تک یعنی 15 برسوں تک سی ایس ای کے 15000 سے زیادہ حتمی طور پر تجویز کردہ امیدواروں کے دستیاب ڈیٹا کی اچھی طرح جانچ کی ہے۔