عشرت حسین بٹ +حسین محتشم
پونچھ// سرحدی ضلع پونچھ میں منگل کو مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد سیکورٹی فورسز نے تلاشی مہم شروع کی ۔ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے ایک دور دراز گاوں میں دو ملی ٹینٹوں کی نقل و حرکت کے بارے میں اطلاع ملنے کے بعد ایک تلاشی آپریشن شروع کیا گیا جو آخری خبریں موصول ہونے تک جاری تھا ۔اُنہوں نے کہا کہ مبینہ طور پر سیاہ لباس میں ملبوس دو مسلح مشتبہ افراد کو پیر کی رات دیر گئے دہرہ کی گلی کے قریب سلام پورہ گاوں میں گھومتے ہوئے دیکھا گیا جس پر راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف کی مدد سے پولیس نے اطلاع ملنے کے فوراً بعد مشترکہ آپریشن شروع کیا۔ مشتبہ عسکریت پسندوں کو لوئر پنگئی علاقے کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سرچ آپریشن جاری ہے لیکن ابھی تک مشتبہ ملی ٹینٹوں سے آمنا سامنا نہیں ہوا ۔حکام نے مزید کہا “سیکورٹی فورسز نے منگل کی صبح پونچھ کے سرنکوٹ علاقے میں سنئی، جنگل، پٹن اور ملحقہ دیہاتوں میں بھی تلاشی آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ اس حوالے سے ڈپٹی ایس پی ایس او جی پونچھ نے کشمیر عظمیٰ کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو تین دن سے پورے ضلع میں ایس او جی پولیس فوج اور سی آر پی ایف کی جانب سے سرچ آپریشنز چلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منگل کو ضلع کے کسبلاڑی علاقہ کے ساتھ متعدد علاقوں میں کاروائیاں چل رہی ہیں۔ادھر پونچھ کے منگناڑ میں پولیس، فوج اور نیم فوجی دستوں نے علاقے میں تلاشی مہم منگل کے روز بھی جاری رکھی۔ اس دوران علاقے کی طرف جانے والے تمام داخلی اور خارجی راستوں سے علاقے میں داخل ہونے والے افراد سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مذکورہ علاقے میں مشکوک نقل و حرکت کے بعد بڑے پیمانے سرچ آپریشن جاری ہے۔علاقے میں عسکریت پسندوں اور حفاظتی اہلکاروں کے مابین کسی بھی کنٹیکٹ کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد لگاتار یہ تلاشی کارروائی جاری ہے۔