یو این آئی
نئی دہلی// لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت نے ملک کو ‘چکرویو ‘ کی طرح ‘کمل ویو’ میں پھنسا دیا ہے کانگریس اور اپوزیشن کا اتحاد اس حکمت عملی کو توڑ کر ملک کے لوگوں کو ان کے حقوق دلائے گا پیر کو لوک سبھا میں بجٹ 2024 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ ہزاروں سال پہلے چھ لوگوں نے چکرویو بنایا تھا اور بہادر ابھیمنیو کو مارا تھا اسی طرح 21ویں صدی میں بی جے پی حکومت نے چکرویو جیسا اپنا کمل ویو بنایا ہے۔ ملک اس میں پھنسا ہوا ہے لیکن اپوزیشن اپنی حکمت عملی کے ذریعے کمل ویو سے نکال کر عوام کو اس سے نجات دلائے گی۔ راہل گاندھی نے کہا ’’ہمارے دیوی دیوتاؤں نے ابھے مدرا کا پیغام دیا ہے جس کا مطلب ہے ‘ڈرو مت، ڈراو مت ‘۔ آج ملک میں خوف کا ماحول ہے اور یہ خوف چکرویو جیسے کمل ویو کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔ ‘چکرویو ‘ میں ابھیمنیو کو چھ لوگوں نے ایک ساتھ مارا تھا۔ چکرویو کی شکل ‘کمل ویو ‘ جیسی ہے اور 21ویں صدی میں ملک کے کسان، غریب اور عام آدمی کمل ویو میں پھنس رہے ہیں۔ کمل ویو میں بھی صرف چھ لوگ نظر آتے ہیں جس میں پورے ملک کو پھنسانے اور مارنے کا کام جاری ہے۔ پورے ملک کی معیشت صرف دو لوگوں کے سپرد کر دی گئی ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا ‘کمل کے چکر ویو نے روزگار فراہم کرنے والے پوائنٹس پر حملہ کیا ہے۔ بجٹ میں ٹیکسوں کے حملے کو روکنے اور چھوٹے روزگار بڑھانے اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔ اگنی ویر چکرویو میں پھنس گئے ہیں۔ ان کے لیے پنشن جیسی کوئی اسکیم نہیں ہے۔ کسانوں کو بھی اس چکرویو میں شامل کیا گیا ہے۔ کسانوں نے ایم ایس پی مانگی ہے لیکن وہ بھی نہیں دی گئی۔ نوجوانوں کو پیپر لیک کے چکر ویو میں پھنسا دیا گیا ہے۔ حکومت نے متوسط طبقے پر دوہرا حملہ کیا ہے۔ متوسط طبقے کی پیٹھ اور سینے پر چھرا گھونپا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں 70 بار پیپر لیک ہوئے۔ “پیپر لیک نوجوانوں کا سب سے اہم مسئلہ ہے اور وزیر خزانہ نے اپنی تقریر میں پیپر لیک پر ایک لفظ بھی نہیں کہا۔”اس دوران پارلیمانی امور کے وزیر کرن ریجیجو نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو ایوان کے ضابطے کو نہیں توڑنا چاہئے۔ وہ ضابطے سے واقف نہیں ہیں اس لئے ایوان کے اصولوں کو توڑ رہے ہیں ۔ ایوان میں ایک نظم ہوتا ہے لیکن اسے توڑا جا رہا ہے۔ ایوان کی اپنی روایت ہے لیکن اس کا خیال نہیں رکھا جا رہا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد اس بھول بھلییا کو کھولنے کے لئے کام کر رہے ہیں جس سے ملک میں اعتماد پیدا ہوتا ہے۔ اپوزیشن اتحاد شیو کی شادی کے جلوس کی طرح ہے اور کوئی بھی شیو کی شادی کے جلوس کو چکرویو میں نہیں پھنسا سکتا۔ ملک چکرویو میں پھنس رہا ہے اور کروڑوں لوگوں کو اس کی وجہ سے نقصان ہو رہا ہے اور اپوزیشن اتحاد اس چکرویو کو توڑ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد اسی ایوان میں ذات پر مبنی مردم شماری کرائے گا۔وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی ایک حساس مسئلہ ہے اور اپوزیشن لیڈر ملک کو گمراہ کر رہے ہیں اور جس طرح اگنی ویر ا سکیم کے حوالے سے ملک کو گمراہ کیا جا رہا ہے وہ اس پر ایوان میں بحث کرنے کو تیار ہیں۔