عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//حکومت نے 2,000 سے زیادہ اہلکاروں پر مشتمل بی ایس ایف کی دو بٹالین کو اڈیشہ سے منتقلی کا حکم دیا ہے تاکہ ہندوستان-پاکستان سرحد کے ساتھ ملی ٹینسی سے متاثرہ جموں خطہ میں سیکورٹی کو مضبوط بنایا جاسکے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دونوں یونٹوں کو نکسل مخالف آپریشن گرڈ سے جموں منتقل کرنے کا فیصلہ خطے میں حاملی ٹینٹ حملوں کے تناظر میں لیا گیا ہے۔سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ کے عہدیداروں نے کہا کہ بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف)کے دو یونٹوں کو جموں کے علاقے میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ تعینات اپنے یونٹوں کے پہلے درجے کے پیچھے دفاع کی “دوسری لائن” کے طور پر تعینات کیا جانا ہے تاکہ سرحد کے اس پار، اندرونی علاقوں میں ان عناصر کے حملوں کے علاوہ ملی ٹینٹوں کی دراندازی کو روکا جا سکے۔ ذرائع نے بتایا کہ توقع ہے کہ ان دونوں یونٹوں کے دستے سانبہ اور جموں-پنجاب سرحد کے قریب مقیم ہوں گے۔ایک سینئر افسر نے کہا، حالیہ دو میٹنگیں، ایک دہلی میں اور ایک جموں میں، اعلی سیکورٹی افسران کی جموں میں بی ایس ایف کی تعیناتی کے بارے میں ہوئی۔افسر نے مزید کہا، بی ایس ایف کی دو بٹالین کو اڈیشہ سے چھتیس گڑھ منتقل کرنے کی تجویز تھی تاکہ وہاں نکسل مخالف کارروائیوں کو تیز کیا جا سکے لیکن موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ان یونٹوں کو اب جموں بھیجا جا رہا ہے۔جموں کا خطہ اس سرحد کے 485 کلومیٹر پر محیط ہے، جو گھنے جنگلات اور پہاڑی خطوں سے گھرا ہوا ہے۔ جموں میں بین الاقوامی سرحدی علاقے میں تقریبا ایک درجن بی ایس ایف بٹالین تعینات ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ بی ایس ایف کی ایک بٹالین کو مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت پر ملکانگیری ضلع اور دوسری کو اڈیشہ کے کوراپٹ ضلع سے واپس لیا جا رہا ہے۔دونوں یونٹوں کو نکالنے سے پہلے، دونوں اضلاع میں چار بٹالین تھیں، جو نکسل مخالف آپریشن ڈیوٹی کے حصے کے طور پر تعینات تھیں۔حکام نے کہا کہ ان دو بٹالین کے متبادل کی تعیناتی ایک فیصلہ ہے جو بعد میں لیا جائے گا۔