عظمیٰ نیوز سروس
لیہہ //وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز شنکن لا ٹنل کا پہلا دھماکہ کیا جو لداخ کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ ہمہ موسمی رابطہ فراہم کرے گا۔شنکن لا ٹنل پروجیکٹ میں نیمو،پدم،درچہ روڈ پر تقریباً 15,800 فٹ کی اونچائی پر 4.1 کلومیٹر لمبی جڑواں ٹیوب سرنگ کی تعمیر شامل ہے۔ اس منصوبے(شنکن لا ٹنل پروجیکٹ) کا مقصد لیہہ کو ہر موسم میں رابطہ فراہم کرنا ہے، جس کے بعد یہ دنیا کی بلند ترین سرنگ بن جائے گی۔توقع ہے کہ شنکن لا ٹنل سے مسلح افواج اور آلات کی تیز رفتار نقل و حرکت ممکن ہو گی۔مزید برآں، یہ سال بھر رسائی کو یقینی بنا کر لداخ کے علاقے میں اقتصادی اور سماجی ترقی کو فروغ دینے کا رول ادا کرے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایک بار ٹنل مکمل ہونے کے بعد لداخ سال بھر ملک سے جڑا رہے گا۔انہوںنے کہاکہ لداخ میں لوگ پرامن زندگی گزار رہے ہیں۔ وزیر اعظممودی نے کہا کہ پچھلے5 سالوں میں لداخ کا بجٹ1100 کروڑ روپے سے بڑھا کر 6000 کروڑ روپے کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظممودی نے کہاکہ لداخ میں جلد ہی 4 جی نیٹ ورک ہوگا اور13 کلومیٹر زوجیلا سرنگ بھی مکمل ہو جائے گی جس کے نتیجے میں نیشنل ہائی وے ون ہر موسم کا راستہ بن جائے گا۔