یواین آئی
رام اللہ// اسرائیلی فوج نے خان یونس میں زمینی کارروائی میں توسیع کردی جس کے باعث فلسطینی شہری قبرستان میں پناہ لینے پر مبجور ہوگئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی جانب سے تباہ حال غزہ کی پٹی میں تازہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے ، اسرائیل کے لڑاکا طیاروں نے خان یونس، بوریج پناہ گزین کیمپوں اور غزہ سٹی میں گھروں پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینیہلاک ہوگئے ۔دوسری جانب اسرائیل کی خان یونس میں زمینی کارروائی میں توسیع کے بعد فلسطینی قبرستان میں پناہ لینے پر مبجور ہوگئے ہیں۔ادھر رفح میں مزاحمتی گروپس کے حملے میں متعدد اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ، لبنان کی تنظیم حزب اللہ نے ڈرون کی نگرانی کرنے والے ڈرون ڈوم کو نشانہ بنانے کی ویڈیو جاری کردی ہے ۔ادھر امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر و صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے اسرائیلی وزیر اعظم سے کہا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ وائٹ ہاوس میں امریکی صدر جو بائیڈن سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ملاقات کی ہے ۔اس موقع پر نیتن یاہو نے کہا کہ صدر بائیڈن کی بقیہ مدت صدارت میں ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ صدر بائیڈن کے عوامی خدمات میں گزارے 50 سال قابل تعریف ہیں ،بائیڈن کی اسرائیل کے لیے 50 سالہ حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔یاد رہے کہ مجوزہ جنگ بندی معاہدہ پیش کرنے کے بعد سے بائیڈن سے نیتن یاہو کی یہ پہلی ملاقات ہے ۔بعد ازاں نیتین یاہو سے ملاقات کے دوران کملا ہیرس نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کرنے کا وقت آگیا ہے ، وہ غزہ کے معاملے پر خاموش نہیں بیٹھیں گی ۔