عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کو کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں حالات چند مہینوں میں معمول پر آجائیں گے کیونکہ دشمن عناصر کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ سنہا نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ مجھے لگتا ہے کہ حالات کچھ مہینوں میں دوبارہ معمول پر آجائیں گے۔انہوں نے کہا ’’جو لوگ(یہاں پرامن ماحول)ہضم نہیں کر سکتے، انہیں اپنے انجام کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ یہاں کے لوگ اس سے پہلے بھی انہیں بھرپور جواب دے چکے ہیں، حالات اسی کا تقاضا کرتے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام جموں خطہ میں گزشتہ چند مہینوں کے دوران عسکریت پسندی سے متعلق تشدد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ایل جی نے بھی مرکزی بجٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے تاریخی قرار دیا۔انہوں نے کہا”میں پارلیمنٹ میں تاریخی بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ ایک ترقی یافتہ ہندوستان اور اس کے ساتھ ایک ترقی یافتہ جموں و کشمیر کی مضبوط بنیاد رکھے گا‘‘۔سنہا نے کہا کہ کسان، نوجوان، خواتین اور غریب حکومت کی بنیادی توجہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خزانہ نے جموں و کشمیر کی مجموعی ترقی کے لیے آزادانہ رقم دی ہے۔