حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے ساجیاں میں قائم سرکاری عوامی طبی مرکز (پی ایچ سی)کی ایمبولنس عرصہ تین ماہ سے خراب پڑی ہے جس کو ٹھیک نہ کرنے پر عوام برہمی کا اظہار کر رہے ہیں۔اس ضمن میں بات کرتے ہوئے سماجی و سیاسی کارکن محمد افضل خان نے کہا کہ محکمہ صحت کے ضلعی اورتحصیل افسران کو بارہا متوجہ کئے جانے کے بعد بھی ایمبولینس کی مرمت کے اقدام نہیں اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ستم ظریفی یہ ہے کہ افسر اپنے ذمہ کچھ بھی نہیں لیتے ہیں، اور بہانے بازیاں کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آجکل جنگلی جانور بھی گائوں میں نمودار ہورہے ہیں، اکثر رات کے وقت کوئی بیمار ہوجاتا ہے تو اسکو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے میں بڑی مشکل ہوجاتی ھے۔انہوں نے کہاکہ ساوجیاں ایک سرحدی کا علاقہ بھی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ اور ڈائریکٹر ہیلتھ جموں سے گذارش کی کہ وہ ذاتی مداخلت کر کے ایمبولنس کو ٹھیک کرائیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک ایمبولینس ٹھیک ہوتی ہے تب تک وہاں متبادل ایمبولنس کا انتظام کیا جائے۔