عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں اُنہوں نے جموں و کشمیر میں کسان خدمت گھروں (کے کے جی) کے قیام اور بھاسکر آچاریہ اِنسٹی چیوٹ فار سپیس ایپلی کیشنز اینڈ جیو اِنفارمیٹکس (بی آئی ایس اے جی)، زرعی پیداوار محکمہ (اے پی ڈِی) اور سکاسٹ کے ذریعے تیار کردہ کے کے جی سافٹ ویئر کم پورٹل کی ترقی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورانِ میٹنگ چیف سیکرٹری نے ہر ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپنے اَپنے اَضلاع میں کسان خدمت گھروں(کے کے جی )کے قیام کے حوالے سے پیش رفت رِپورٹ طلب کی۔ اُنہوں نے ہدایت دی کہ کے کے جی سافٹ ویئر کم پورٹل کے آغاز سے قبل ان مراکز کو جلد از جلد مقررہ مقامات پر تمام مطلوبہ آئی ٹی انفراسٹرکچر قائم کیا جاسکے۔اُنہوں نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروںپر زور دیا کہ وہ کرشی ادھیا میوں کی فہرست کو بروقت مطلع کریں تاکہ کسان خدمت گھروں( کے کے جی) کو اگست کے پہلے ہفتے کے مقررہ وقت تک فعال بنایا جاسکے۔اَتل ڈولونے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کسان خدمت مراکز کے طور پر تصور کئے جانے والے کسان خدمت گھروں کا مقصد ایک ہی چھت کے نیچے متعدد ضروری خدمات کی فراہمی کے ذریعے زرعی مدد کے میکانزم میں اِنقلاب لانا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ مراکز کسانوں کو زرعی معلومات،جدید کاشت کاری کی تکنیکوں، مارکیٹ روابط اور سرکاری سکیموں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے اہم مراکز بننے کے لئے تیار ہیں۔چیف سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ کسان خدمت گھروں( کے کے جی )کا قیام بالخصوص کسان کمیونٹی کے لئے ایک اِختراعی اور قابل ذکر قدم ہے جن کے پاس ان مراکز میں ان کی تمام شکایات اور مسائل کا وَن سٹاپ حل ہوگا۔اُنہوںنے کہا کہ کے کے جی اقدام جموں و کشمیر میں کسانوں کو بااِختیار بنانے ، زرعی پیداوار کو بڑھانے اور دیہی معاش کو بہتر بنانے کے لئے حکومت کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کے کے جیز کسانوں اور ضروری خدمات کے درمیان فرق کو ختم کرنے میں اہم کردار اَدا کریں گے جس سے خطے میں دیرپا زرعی طریقوں اور معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔چیف سیکرٹری نے اس بات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ یہ جامع زرعی ترقیاتی پروگرام ( ایچ اے ڈِی پی)سکیم کے تحت ایک منفرد منصوبہ ہے ۔اُنہوں نے تمام اَفسران بالخصوص ضلع ترقیاتی کمشنروں پر زور دیا کہ وہ خلوص اور لگن کے ساتھ کام کریں تاکہ اس منصوبے کے مطلوبہ مقاصد حاصل کئے جاسکیں۔ اُنہوں نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے ہر کسان کے فائدے کے لئے ان مراکز کے کامیاب رول آؤٹ کے لئے انتھک محنت کریں۔میٹنگ میں چیف سیکرٹری کو بی آئی ایس اے جی کی ٹیم نے جموں و کشمیر میں کے کے جی سافٹ ویئر کم پورٹل کے رول آئوٹ کے سلسلے میں حاصل ہونے والی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی ۔ اُنہوں نے چیف سیکرٹری کو بتایا کہ اس نظام میں کسانوں کی رجسٹریشن، زرعی اِن پٹ کی فروخت، بورڈنگ میکانزم کی سکیم، ایڈوائزری، ہنر مندی، ماہرین کی مشاورت، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، فیصلہ سازی اور سمارٹ فون ایپلی کیشنزکی تیاری کی خصوصیات ہوں گی۔اِس کے علاوہ ضلع ترقیاتی کمشنروں نے چیف سیکرٹری کو کسان خدمت گھروں(کے کے جیز) کے قیام کے حوالے سے اَپنے متعلقہ اَضلاع میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔