عظمیٰ نیوزسروس
کولگام // کولگام کے رزلو کنڈ میں دوران شب آگ کی واردات میں تین مکانات کو نقصان پہنچا اور ان میں رہائش پذیرچھ کنبے کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو گئے ۔ کولگام کے رزلو علاقے میں دوران شب آگ کی ایک ہولناک واردات رونما ہوئی جس میں تین رہائشی مکان جل کر خاکستر ہو گئے ۔ آگ نے تین رہائشی مکانوں کو تقریباً 3بجکر 30منٹ پر لپیٹ میں لے لیا اور ان کی چھتوں، کھڑکیوں اور دروازوں کو کافی نقصان پہنچا۔آگ اس قدر ہولنا ک تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے اس نے تینوں مکانوں کو اپنی لپیٹ میں لیا جس دوران مقامی لوگوں نے محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی سروس کو مطلع کیا جنہوں نے موقعہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کی تاہم جب تک آگ پر قابو پا لیا گیا تب تک تین رہائشی مکان جل کر خاکستر ہو گئے تھے ۔ جن تین رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا، وہ عاشق حسین ولد غلام احمد شان،،گل محمد شان ولدگل محمد شان، محمد رفیق شان ولد غلام احمد شان اورعبدالرحمان وانی ولد غلام حسن وانی ساکنہ رزلو کنڈ کولگام کے تھے ۔ آگ کیسے لگی وہ فوری طو رپر معلوم نہیں ہو سکا ۔ ادھر مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ کولگام سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ کنبوں کو معاوضہ فراہم کیا جائے۔