عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) نے منگل کے روز پٹواری حلقہ چھانہ پورہ، سرینگر کو ریونیو ریکارڈ جاری کرنے کے لیے 40,000 روپے کی رشوت طلب کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔
اے سی بی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو کو ایک تحریری شکایت موصول ہوئی ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ پٹواری حلقہ چھانہ پورہ سرینگر، فاروق احمد بٹ ساکن بگام چاڈورہ ، گردوارہ لین چھانہ پورہ سرینگر میں واقع شکایت کنندہ کے رہائشی مکان ،15 مرلہ اراضی، جسے اُس نے فروخت کردیا ، کا ریکارڈ جاری کرنے کیلئے رشوت طلب کر رہا ہے، جس کے لیے اُس نے 15 دن پہلے پٹواری حلقہ چھانہ پورہ سری نگر میں آن لائن درخواست دی تھی۔
شکایت کنندہ نے کہا کہ وہ رشوت کے خلاف ہے اور اس نے انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) سرینگر سے رجوع کیا تاکہ ملزم سرکاری ملازمین کے خلاف قانون کے تحت قانونی کارروائی کی جا سکے۔
ترجمان نے کہا کہ شکایت کی وصولی پر صوابدیدی تصدیق کی گئی، جس سے متعلقہ سرکاری ملازم کے مطالبے کی تصدیق ہوتی ہے اور اسی کے مطابق، سیکشن 7 پی سی ایکٹ 1988 کے تحت ایف آئی آر نمبر 17/2024 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا اور تفتیش شروع کی گئی۔
اُنہوں نے کہا کہ تحقیقات کے دوران ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی، ٹیم نے ایک کامیاب جال بچھا کر ملزم سرکاری ملازم فاروق احمد بٹ سکنہ باگام چاڈورہ، پٹواری حلقہ چنا پورہ کو شکایت کنندہ سے 40 ہزار روپے رشوت کی رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
ترجمان نے کہا کہ ملزم پٹواری کی ذاتی تلاشی کے دوران دیگر اشیاءسمیت 35ہزار روپے نقدی بھی برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ اسے موقع پر گرفتار کر لیا گیا، بیان میں کہا گیا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔