عظمیٰ نیوز ڈیسک
لکھنو// اترپردیش یوگی حکومت کے ذریعے ریاست کے ہونہار طلبہ کو اعزاز و انعام دئے جانے پر اب جانبداری کا الزام لگنے لگا ہے۔ اترپردیش کی سلیم پور لوک سبھا سیٹ سے سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ رماشنکر راج بھر نے یوگی حکومت سے اس ضمن میں سوال کیا ہے۔ انہوں نے پوچھا ہے کہ کیا ریاست میں ہونہار و ذہین طلبہ صرف سنسکرت اسکولوں اور یوپی بورڈ کے اسکولوں میں ہی ہیں، مدرسوں میں ہونہار اور ذہین طلبہ نہیں ہیں کیا؟ سب کا ساتھ سب کا وکاس کانعرہ دینے والی حکومت نے مدرسہ بورڈ کے بچوں کو اعزاز و انعام کیوں نہیں دیا؟واضح رہے کہ حال ہی میں ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہونہار و ذہین طلباء کو سرٹیفکیٹ، ٹیبلٹ اور ایک لاکھ روپے دیٔے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ان طلبہ کے والدین کے اکاؤنٹ میں 1200 روپے بھی منتقل کیے گئے ہیں۔ وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے لوک بھون میں منعقد ایک پروگرام میں ریاست کے ہونہار و ذہین طلبہ و طالبات کو اعزاز و انعام سے نوازا۔ یوگی حکومت کی جانب سے ہونہار طلباء کو اعزاز و انعام سے نوازے جانے کے بعد سماجوادی پارٹی کے لیڈر نے مدرسوں کے ہونہار و ذہین بچوں ہے متعلق سوال اٹھایا۔