عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// سیکورٹی فورسز نے پیر کو جموں، ڈوڈہ اور ریاسی اضلاع میں کچھ مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد تلاشی کارروائیاں انجام دیں۔
حکام نے بتایا کہ پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں کی طرف سے پیر کی صبح جموں کے اکھنور سیکٹر میں لوئر گھروٹا، تھاٹھی اور ملحقہ علاقوں میں ایک دیہاتی کی طرف سے جنگی لباس میں تین افراد کی مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد ایک مشترکہ آپریشن کیا گیا تاہم، دو گھنٹے سے زائد تک جاری رہنے والی تلاشی کے دوران کوئی بھی مشکوک چیز نہیں ملی۔
اُنہوں نے کہا کہ ڈوڈہ ضلع کے کوٹی جنگلاتی علاقے میں، پولیس نے، فوج کی مدد سے، ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع کے بعد صبح ساڑھے نو بجے کے قریب محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔
حکام نے بتایا کہ کومبنگ آپریشن جاری ہے لیکن ابھی تک ملی ٹینٹوں سے کوئی رابطہ قائم نہیں ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے پیر کی صبح ریاسی ضلع کے رومبل نالہ کوٹھیان، پونی، ڈیرہ ببر، کنڈلے اور کنجلی علاقے میں بھی تلاشی لی۔