یو این آئی
ماسکو// بیرون ملک رہنے والے ہندوستانی ہندوستان کی ترقی اور جدید کاری میں برابر کے شراکت دار ہیں روس میں رہنے والے ہندوستانی ملک کے سفیر ہیں اور وہ اپنے کاموں، شراکت اور کامیابیوں کے ذریعہ ہندوستان کی شبیہ بہتربناتے ہیں ان خیالات کا اظہار لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج ماسکو میں ہندوستانی تارکین وطن سے خطاب کرتے ہوئے کیا وہ روس کے سینٹ پیٹرزبرگ میں 10ویں برکس پارلیمانی فورم میں ہندوستانی پارلیمانی وفد کی قیادت کررہے ہیں ہندوستان اور روس کے تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔ ہندوستان یا روس کو جب بھی کسی چیلنج کا سامنا ہوا ہے دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ ہندوستان اور روس کے درمیان ایک منفرد رشتہ رہا ہے، دوستی اور خاندان کا رشتہ ہے۔مسٹربرلا نے کہا کہ روس خوشی اور غم میں ہندوستان کا ساتھی رہا ہے اور ہندوستان کا بھروسہ مند دوست بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی، دفاع، تجارت، معیشت، سائنس اور ٹیکنالوجی، سیٹلائٹ نیوی گیشن اور ریموٹ سینسنگ، تعلیم اور ثقافت سمیت تقریباً ہر شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری رہی ہے۔ انہوں نے ہندوستانی تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط کریں اور مشترکہ مفادات کو فروغ دیں۔قومی تعمیر میں این آر آئی کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ روس میں ہندوستانی برادری کو نظم و ضبط، محنتی اور قانون کی پاسداری کرنے والے تارکین وطن کے طور پر جانا جاتا ہے اور ان تارکین وطن نے روس اور ہندوستان دونوں کی ترقی میں اپنا رول ادا کرکے ہر ہندوستانی کے سر کو فخر سے بلند کیا ہے۔ برلا نے کہا کہ تعداد میں کم ہونے کے باوجود وہ ہندوستان کے ثقافتی پروگراموں اور تہواروں میں فعال اور متحرک طورپر شرکت کرتے ہیں۔
انہوں نے ہندوستانی تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ روس میں اپنی مادر وطن کے بارے میں بیداری پھیلائیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط کریں۔ہندوستانی تہواروں میں روسی لوگوں کی شرکت کے بارے میں بات کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ دونوں ممالک کے لوگوں کے مابین قریبی تعلقات ہمارے باہمی تعلقات کی بنیاد ہیں۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ روس کے لوگ ہندوستانی ثقافت اور تنوع کے بارے میں جاننے کے خواہاں ہیں، برلا نے ہندوستانی باشندوں پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کی ثقافت، یوگا، قدیم علوم اور تنوع سے فائدہ اٹھائیں اور روس کے لوگوں کو اس کے بارے میں آگاہ کریں۔وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ روس اور روس میں ہندوستانی برادری کے ساتھ ان کی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں سے ملک میں تبدیلی، ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ تیسری بار وزیر اعظم بننے کے بعد بھی مودی جی کی قوت، ملک کی خدمت کرنے کا ان کا جوش اور ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے ان کا عزم ہر کسی کو بے لوث خدمت کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ہونے والی تبدیلیوں کی وجہ سے عالمی سطح پر ہندوستانیوں کی عزت میں اضافہ ہوا ہے اور ہندوستانی پاسپورٹ کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے۔برلا نے ہندوستانی برادری کے لوگوں کی گرمجوشی اور خیر سگالی کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات چیت کا موقع فراہم کرنے کے لیے ماسکو میں ہندوستانی سفارت خانے کا بھی شکریہ ادا کیا۔