عظمیٰ نیوز سروس
تھنہ منڈی// راجوری ضلع کے سب ڈویژن تھنہ منڈی میں صارفین نے بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کی مانگ کی ہے۔ اس سلسلے میں تھنہ منڈی میں بانڈیاں ہسپلوٹ علاقے کے صارفین کا کہنا تھا کہ چند سال قبل 25ستمبر 2017میں متعارف ہونے والی ’’سوبھاگیہ سکیم‘‘ کے تحت اس علاقے میں بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر بنانے کے حوالہ سے اقدامات اٹھائے گئے تاہم لوگوں کی شکایت ہے کہ اس اسکیم کے تحت علاقے میں خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے اور آج کے ڈیجیٹل دور میں بھی لوگوں کو بجلی کی ترسیلی لائنوں کا بنیادی ڈھانچہ تشنہ تکمیل ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں کئی مقامات پر بجلی کی ترسیلی لائینیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے بطور خاص برف و باراں کے موسم میں بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار ہو جاتی ہے۔ بجلی صارفین کا مزید کہنا تھا کہ ناکام و ناکارہ ’’سوبھاگیہ سکیم‘‘ کے بعد گزشتہ سال ایک اور کمپنی نے یہاں بجلی کے کھمبے اور کیبل لگانے کا کام شروع کیا جو کچھ ہی عرصہ کے بعد نامعلوم وجوہات کی بناء پر یہ کام ادھورا چھوڑ کر روپوش ہو گئی اور کمپنی والے آج تک واپس نہیں آئے لیکن تحصیل انتظامیہ کو اس سے کوئی سروکار نہیں۔ لوگوں نے بتایا کہ متعدد جگہوں پر کیبل آویزاں ہے اور کھمبے خالی پڑے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر ہسپلوٹ بانڈیاں کے مکینوں نے محکمہ بجلی کے جونئیر انجینئر وقار احمد ڈار کے کام کی سراہنا کرتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ ترجیحی بنیادوں پر اس علاقے میں بجلی کے ترسیلی نظام کو متحرک اور فعال کیا جائے اور زمین پر لٹکتی تاروں کے بوسیدہ نظام، کھمبوں اور کیبل کو درست کیا جائے تاکہ یہاں کے عوام کو کسی بھی طرح کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ صارفین نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر متعلقہ محکمہ اس جانب سنجیدہ اقدامات کرے تو اس کام میں مزید آسانیاں پیدا ہونے کے امکانات روشن ہیں۔ لوگوں نے انتظامیہ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تھنہ منڈی میں بجلی کے ترسیلی نظام کو مزید مستحکم بنایا جائے اور شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرنے کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالہ سے خاطر خواہ اور ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ تاکہ صارفین کو کسی بھی طرح کی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔