عظمیٰ نیوز سروس
جموں//چیف جسٹس جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ جسٹس این کوٹیشور سنگھ کی سرپرستی اور جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جج جسٹس تاشی ربستن کی رہنمائی میں ہائی کورٹ کمپلیکس جانی پور میں شجرکاری مہم کا اِنعقاد کیا گیا۔چیف جسٹس جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کور جسٹس این کوٹیشور سنگھ، جسٹس تاشی ربستن، جسٹس اَتل شری دھرن، جسٹس سندھو شرما، جسٹس پونیت گپتا، جسٹس راہل بھارتی، جسٹس محمد یوسف وانی اور صدرجموں و کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن جموں نے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مختلف اَقسام کے پودے لگا کر نوجوانوں کو شجرکاری کا پیغام بھی دیا۔اِس موقعہ پرچیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری ایم کے شرما، ڈائریکٹر جوڈیشل اکیڈیمی وائی پی بورنی، رجسٹرار رولز راجندر سپرو، رجسٹرار جوڈیشل جموں وِنگ سندیپ کور، ممبر سیکرٹری جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی امیت کمار گپتا،سیکرٹری ہائی کورٹ لیگل سروس کمیٹی پریم ساگر، رجسٹری کے اَفسران ، وکلاء اور افسران و ملازمین بھی موجود تھے۔اِس تقریب کا مقصد’ وَن مہااُتسو‘کے تصور کو بڑھانے اور لوگوں کو ماحولیات اور ہمارے اِرد گرد سبزہ زار کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔