عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چْگ نے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں روزگار کی فراہمی نے نئی بلندیوں کو چھو لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آر بی آئی کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار نے اپوزیشن جماعتوں کے جھوٹے اور گمراہ کن پروپیگنڈوںکی سختی سے تردید کی ہے کیونکہ گزشتہ دو سالوں کے دوران روزگار پیدا کرنے کی شرح تقریباً دوگنی ہو گئی ہے۔موصوف نے کہاکہ ایسے وقت میں جب کئی دوسرے ممالک کی معیشت بحران سے لڑنے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت نے درحقیقت ترقی کی رفتار کو اوسط سے اوپر رکھنے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔آر بی آئی کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے چگ نے کہا کہ گزشتہ مالی سال 2023-24 کے دوران 4.7 کروڑ سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہوئیں جس سے معیشت کو ایک نیا فروغ ملا۔انہوں نے کہا کہ اس سے روزگار پیدا کرنے میں چھ فیصد اضافہ ہوا جو پچھلے مالی سال کی شرح سے تقریباً دوگنا ہے۔بھاجپا سنیئر لیڈر نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیوں کے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے کے خلاف مودی حکومت کے دورمیں ملک کے نوجوان نئے جوش اور رجائیت سے بھرے ہوئے ہیں۔