عظمیٰ نیوز سروس
جموں //بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چْگ، جو جموں و کشمیر کے پارٹی انچارج بھی ہیں، نے کٹھوعہ میں عسکریت پسندوں کے حملے میں ہلاک ہونے والے پانچ فوجیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ’’یہ امن اور ترقی کے لئے بھاجپا حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے کامیاب اقدامات کے بعدآئی ایس آئی اور اُس کے حامیوں کی جانب سے بوکھلاہٹ کی علامت ہے ۔موصوف نے کہا کہ دشمنوں نے جموں و کشمیر میں پرامن لوک سبھا انتخابات کے بعد سے ہی جموں و کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کو چیلنج کرنے کے لئے ایک حسابی ڈیزائن تیار کیا ہے۔چگ نے کہا کہ پاکستان آئی ایس آئی کی زیر سرپرستی ملک دشمن قوتوں کو فیصلہ کن شکست دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں ترقی اور پیش رفت کی رفتار کو کسی بھی صورت میں سست نہیں ہونے دیا جائے گا۔موصوف نے کہا کہ ’’میں اپنے بہادر فوجیوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے حتمی قربانی دی ہے۔ ان کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی۔ یہ گھناؤنا عمل ان شیطانی قوتوں کی واضح یاد دہانی ہے جو ہمارے خطے میں امن و استحکام کو خراب کرنا چاہتے ہیں‘‘۔موصوف نے کہاکہ یہاں کے لوگوں نے پاکستان کو بھرپور جواب دیا ہے، جس کی جھلک حالیہ لوک سبھا انتخابات میں زیادہ ووٹروں کی تعداد سے ہوتی ہے۔ یہ پاکستان کے منہ پر بہت بڑا طمانچہ ہے کیونکہ کشمیری عوام اب بھارت کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہونا چاہتے ہیں اور یہ یہاں کے گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں ووٹروں کے زیادہ ٹرن آؤٹ سے ظاہر ہوتا ہے۔چگ نے وعدہ کیا کہ سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف ایک انتھک جنگ شروع کی ہے اور یہ جموں و کشمیر میں ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔