عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// اسمبلی انتخابات سے قبل، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے اتوار کو پارٹی کی جموں و کشمیر یونٹ کے رہنماوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ پارٹی صدر دفتر جموں میں منعقد ہوئی۔
مرکزی وزیر جتیندر سنگھ، جموں و کشمیر میں پارٹی کے صدر رویندر رینہ، اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ترون چگ میٹنگ میں موجود تھے۔
قبل ازیں، جے پی نڈا اور جتیندر سنگھ نے جموں میں رگھوناتھ مندر کا دورہ کیا اور پوجا کی۔ جموں و کشمیر دھرمرتھ ٹرسٹ نے ان کے مندر کے دورے کی تصاویر شیئر کیں۔ مندر کے حکام کے مطابق، کرن سنگھ کے پوتے اور جموں و کشمیر دھرمرتھ ٹرسٹ کے ٹرسٹی مرتند سنگھ نے مرکزی وزراءکی آمد پر ان کا استقبال کیا۔
مرکزی وزیر جے پی نڈا ہفتہ کی سہ پہر جموں پہنچے اور بعد میں جموں میں ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔
جموں و کشمیر میں پارٹی کے الیکشن انچارج اور مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے 6 جولائی کو جموں میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ وہ ایک جائزہ لے رہے ہیں اور مرکزی زیر انتظام علاقے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے آنے والے پروگراموں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
اُنہوں نے کہا، “ہم لوک سبھا انتخابات کے بعد جائزہ لے رہے ہیں۔ ہم نے تیسری بار حکومت بنائی۔ ہم جموں و کشمیر میں بی جے پی کے آئندہ پروگراموں پر تبادلہ خیال کریں گے”۔
سابقہ ریاست کی خصوصی حیثیت کو 2019 میں ختم کرنے کے بعد سپریم کورٹ کی طرف سے طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق، جموں کشمیر میں اس سال ستمبر میں اپنا پہلا اسمبلی انتخابات دیکھنے کا امکان ہے۔ سابقہ ریاست میں آخری اسمبلی انتخابات 2014 میں ہوئے تھے۔