یو این آئی
نئی دہلی// کوآپریٹیو کے مرکزی وزیر امیت شاہ نے ہفتہ کو بین الاقوامی کوآپریٹو ڈے کے موقع پر کہا کہ کوآپریٹو وزارت ’سہکار سے سمردھی‘ کے ویژن کے ساتھ کروڑوں کوآپریٹو بہنوں اور بھائیوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لانے میں کامیاب رہی ہے۔ شاہ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے تین سال قبل آج ہی دن کوآپریٹو سیکٹر کو مضبوط کرنے کیلئے اس وزارت کی بنیاد رکھی تھی۔ انہوں نے کہا’’سال 2021 میں آج کے دن، وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی نے کوآپریٹو سیکٹر کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تعاون کی وزارت قائم کی تھی۔ اپنے وجود میں آنے سے لے کر آج تک یہ وزارت ’سہکار سے سمردھی‘ کے عزم کے ساتھ ملک کے کروڑوں کوآپریٹو بہنوں اور بھائیوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وزارت نے کوآپریٹو سیکٹر کو ٹیکنالوجی سے مالا مال بنا کر نہ صرف جدید ترین بنایا ہے بلکہ 54 سے زیادہ اقدامات کر کے پورے کوآپریٹو سسٹم کو معیشت کے مرکزی دھارے میں ایک اہم شراکت دار بنایا ہے۔ انہوں نے کہا’’ملک کے کوآپریٹو نظام کو وزارت کے قیام سے نئی زندگی دینے کے لئے تمام کوآپریٹو بہنوں اور بھائیوں کی طرف سے، میں مودی جی کا شکریہ ادا کرتا ہوں‘‘۔ شاہ نے بین الاقوامی کوآپریٹو دن پر کسانوں کی آمدنی بڑھانے کیلئے گاندھی نگر میں گجرات حکومت کی اسکیم کے تحت نینو کھاد کی خریداری کے لیے کسانوں کو 50 فیصد امدادی رقم دینے کے پروگرام کا آغاز کیا۔
ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا’’ کسانوں کی آمدنی میں مزید اضافہ ہو، اس کے لئے آج بین الاقوامی یوم تعاون کے موقع پر گجرات حکومت کے ذریعہ ایگریکلچر-2 (اے جی آر-2) اسکیم کے تحت نینو فرٹیلائزر کی خریداری کے لیے کسانوں کو 50 فیصد کی امدادی رقم دینے کے کام کا آغاز کیا‘‘۔
آسام کے وزیراعلیٰ سے سیلابی صورتحال پر بات کی
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آسام کے وزیر اعلی ہمانتا بسوا سرما سے بات کی اور ریاست میں شدید بارش کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ شاہ نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے آسام کے وزیر اعلیٰ سے بات کی ہے اور وہاں شدید بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ شاہ نے کہا’’تیز بارش کی وجہ سے آسام میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے‘‘۔ موجودہ صورتحال کے بارے میں آسام کے وزیر اعلیٰ سے بات کی۔
این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف جنگی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، امداد فراہم کر رہے ہیں اور متاثرین کو بچا رہے ہیں۔ وزیر اعظم آسام کے لوگوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور اس مشکل وقت میں ریاست کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔قابل ذکر ہے کہ آسام میں شدید بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔