عظمیٰ ویب ڈیسک
رام بن// امرناتھ یاترا کے دوران یاتریوں اور دیگر مسافروں کی محفوظ اور موثر نقل و حرکت کو یقینی بنانے کیلئے جموں و کشمیر ٹریفک پولیس نے جموں سرینگر قومی شاہراہ-44 پر ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں مختلف قافلوں، ٹریفک کی نقل و حرکت، کٹ آف ٹائمنگ کے علاوہ دیگر ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، ٹریفک (قومی شاہراہ-44) روہت بسکوترہ نے امرناتھ یاترا کے دوران ٹریفک کے انتظام کے لیے مخصوص اوقات اور رہنما خطوط کا خاکہ پیش کیا۔
امرناتھ یاترا کا قافلہ صبح روانہ ہونے کے بعد، قومی شاہراہ-44 پر چلنے والی غیر یاترا گاڑیاں دوپہر کے قریب نگروٹہ، دوپہر 1 بجے کے قریب جکھینی اودھم پور، دوپہر 2 بجے کے قریب چندر کوٹ رام بن اور سہ پہر 3 بجے کے قریب بانہال کو عبور کر سکتی ہیں۔ بعد ازاں اُنہیں اجازت نہیں دی جائے گی”۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی وجہ سے کراسنگ میں تاخیر ہوتی ہے تو گاڑیوں کو مذکورہ مقامات پر روکا جائے گا اور اگلے دن ہی چھوڑا جائے گا۔ میں لوگوں سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ کٹ آف اوقات پر عمل کریں۔ کٹ آف ٹائمنگ ڈیزائن کرنے کا بنیادی مقصد یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے”۔