عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر///عیدگاہ سرینگر میں آگ کی ایک بھیانک واردات میں ایک مسجد شریف اور کئی رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ۔شہر خاص میں ایک ہی ہفتے میں یہ آگ کی دوسری بڑی واردات ہے ۔اس سے پہلے 24جون کو بہوری کدل میں بازار مسجد سمیت درجنوں رہائشی ڈھانچے اور دکانات خاکستر ہوگئے تھے ۔ عیدگاہ کے علاقے عمر کالونی میں زبردست آگ لگنے سے ایک مسجد اور کئی مکانات کو نقصان پہنچا۔ عمر کالونی میں بدھ کی صبح آگ لگ گئی اور اس کے فوراً بعد فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئے۔
جب تک فائر ٹینڈر پہنچے، ایک مقامی مسجد اور کئی مکانات کو نقصان پہنچا تھا۔ کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا ۔ واضح رہے کہ بہورکدل علاقے میں 24جون کو آتشزدگی کی ایک بڑی واردات میں کروڑوں کی املاک راکھ ہو گئی اور اس کے نتیجے میں دو فائر مین سمیت کم از کم سات افراد زخمی ہو گئے تھے۔دریں اثناء گزشتہ روز اننت ناگ میں منگل کی رات آگ لگنے کے ایک واقع میں 11رہائشی مکانات اور8 دکانیں خاکستر ہوگئیں۔