یو این آئی
نئی دہلی// اتر پردیش کے ہاتھرس میں ستسنگ کے دوران بھگدڑ میں 121 لوگوں کی موت ہوئی تھی، جس کی جانچ کے لیے بدھ کے روز سپریم کورٹ میں مفاد عامہ کی عرضی دائر کی گئی جس میں اس واقعے کے پیچھے لاپرواہی کی ذمہ داری طے کرنے کے لیے عدالت کی نگرانی میں جانچ کی درخواست کی گئی ہے عرضی گزار ایڈوکیٹ وشال تیواری نے عدالت عظمی سے درخواست کی ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی نگرانی میں پانچ رکنی ماہرین کی کمیٹی تشکیل دے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے رہنما اصول طے کیے جائیں۔ تیواری نے اپنی مفاد عامہ کی عرضی (PIL) میں کہا، “نگرانی کو برقرار رکھنے اور مناسب انتظام کرنے میں ناکامی کے علاوہ، حکام اجتماع کے لیے جمع ہونے والی بھیڑ کو کنٹرول کرنے میں بھی ناکام رہے۔”قابل ذکر ہے کہ ہاتھرس میں منعقدہ ستسنگ کے دوران بھگدڑ ہوئی تھی جس کا اہتمام بھگوان نارائن ساکر ہری عرف بھولے بابا نے کیا تھا۔اطلاعات کے مطابق، تقریب میں دو لاکھ سے زیادہ عقیدت مندوں کا ہجوم تھا، جبکہ 80،000 لوگوں کے اجتماع کی اجازت دی گئی تھی۔اس معاملے میں اتر پردیش پولس نے تقریب کے منتظمین کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا ہے۔ بھولے بابا مفرور ہے۔تیواری نے اپنی عرضی میں بھگدڑ کے متعدد واقعات کا بھی ذکر کیا جن میں 1954 میں ہونے والے کمبھ میلہ کی بھگدڑ شامل ہے جس میں تقریباً 800 افراد کے ہلاک ہوئے تھے، 2007 کی مکہ مسجد کی بھگدڑ جہاں 16 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ملی تھی، 2014 میں پٹنہ کے گاندھی میدان میں دسہرہ کی تقریبات کے دوران ہونے والی اموات اور اڈوکی کے پلمیڈو میں تقریباً 104 عقیدت مندوں کی موت کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے۔درخواست گزار نے کہا کہ ہاتھرس میں بھگدڑ کی سی بی آئی جانچ کے لیے ایک وکیل نے الہ آباد ہائی کورٹ میں بھی اسی طرح کی درخواست دائر کی ہے۔
پوتن کاہلاکتوں پراظہار تعزیت
یو این آئی
نئی دہلی// روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے بدھ کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک تعزیتی پیغام بھیجا، جس میں انہوں نے اتر پردیش کے ہاتھرس میں بھگدڑ میں 121 لوگوں کی ہلاکت پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ پوتن نے اپنے پیغام میں کہا’’ صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم براہ کرم اتر پردیش میں ہونے والے المناک حادثے پر ہماری دلی تعزیت قبول کریں‘‘۔ براہ کرم مرنے والوں کے اہل خانہ سے ہمدردی اور حمایت کا اظہار کریں۔ میں تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ نیک تمنائیں، ولادیمیر پوتن۔قابل ذکر ہے کہ ہاتھرس میں منگل کو بھولے بابا عرف نارائن ساکر ہری کے ستسنگ کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی، جس میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 121 افراد ہلاک ہو گئے۔