یواین آئی
ہاتھرس// اترپردیش کے ضلع ہاتھرس کے سکندارا مئو علاقے میں منگل کو ایک ستسنگ پروگرام کے دوران بھگدڑ مچنے سے 116 سے ز یادہ افراد کی موت ہوگئی۔ مرنے والوں میں زیادہ تر خواتین شامل ہیں۔وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سکریٹری اور ڈائرکٹرجنرل پولیس سمیت تمام اعلی افسران کو ہاتھرس جانے اور زخمیوں کو مناسب علاج فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزیر اعلی خود راحت و رسان کی پل پل کی جانکاری لے رہے ہیں۔انہوں نے حادثے کی جانچ کے لئے اڈیشنل ڈائریکٹرجنرل پولیس آگرہ اور علی گڑھ کے ڈویژنل کمشنر کی قیادت میں جانچ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی 24گھنٹے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ انہوں نے حادثے میں مہلوکین کے اہل خانہ دو دو دو لاکھ روپئے اور زخمیوں کو 50۔50 ہزار روپئے کی مالی معاونت کی رقم جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔ہاتھرس کے ڈی ایم آشیش کمار پٹیل نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ سکندراراؤ تحصیل مگل گڑھی نیشنل ہائی وے پر پھلرئی گاؤں میں ایک مذہبی انعقاد کے اختتام پر امس کے درمیان باہر نکلنے کی جلدی میں بھگدڑ مچ گئی جس میں کئی افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر سے ملی جانکاری کے مطابق 116 لوگوں کی اس حادثے میں موت ہوگئی حالانکہ مہلوکین کی صحیح تعداد کی جانکاری بعد میں مل سکے گی۔ انہوں نے کہ اہ یہ ایک پرائیویٹ پروگرام تھا جس کی اجازت ایس ڈی ایم سے لی گئی تھی اور پروگرام کے پیش نظر سبھی ممکنہ انتظامات کئے گئے تھے۔ اس سے پہلے ایٹہ کے سینئر ایس پی اور چیف میڈیکل افسر نے 27 مہلوکین کی لاشیں یہاں پہنچنے کی تصدیق کی تھی۔ایٹہ کے سینئر ایس پی راجیش کمار سنگھ نے بتایا کہ پڑوسی ضلع ہاتھرس میں بھگوان شیو کے ستسنگ پروگرام کے دوران بھگدڑ مچنے سے 27 افراد کی موت ہوئی ہے جن کی لاشیں یہاں میڈیکل کالج بھیج گئی ہیں۔ جن میں 24 خواتین دو بچے اور ایک مرد شامل ہیں۔ جن کی شناخت کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس سے زیادہ کی جانکاری انہیں نہیں ہے۔اس درمیان یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر لکھنؤ سے کابینی وزیر لکشمی نارائن چودھری اور سندیپ سنگھ موقع واردات پر پہنچ چکے ہیں ۔
مرمو ،کھڑگے،راہل اور پرینکا کا اظہار رنج | مودی کا مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے دینے کا اعلان
یو این آئی
نئی دہلی// صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے منگل کو اتر پردیش کے ہاتھرس میں ایک مذہبی پروگرام میں بھگدڑ میں کئی لوگوں کی موت پر گہرے غم کا اظہار کیا ہے۔ مرمو نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا’’اتر پردیش کے ہاتھرس ضلع میں حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت کئی عقیدت مندوں کی موت کی خبر دل کو دہلا دینے والی ہے۔ میں ان لوگوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتی ہوں جنہوں نے اپنے کنبہ کے افراد کو کھو دیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتی ہوں۔خیال رہے کہ ہاتھرس ضلع کے سکندرراؤ علاقے میں ستسنگ پروگرام کے دوران بھگدڑ مچ جانے سے 60 سے زیادہ لوگوں کی موت ہو گئی ۔ مرنے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔ادھر وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو اتر پردیش کے ہاتھرس میں ایک ستسنگ میں بھگدڑ میں مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔اس واقعے میں زخمی ہونے والوں کو فی کس 50 ہزار روپے کی امداد دی جائے گی۔وزیر اعظم کے دفتر نے ڈیجیٹل انفارمیشن پلیٹ فارم پر کہا وزیراعظم نریندر مودی نے ہاتھرس حادثہ میں مرنے والوں کے لواحقین کو پی ایم این آر ایف (وزیراعظم کے قومی راحت فنڈ) سے دو لاکھ روپے ایکس گریشیا رقم دینے کا اعلان کیا ہے ۔حادثے میں زخمی ہونے والوں کو فی کس 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ مودی نے اس سے قبل لوک سبھا کو اس افسوسناک واقعہ کی اطلاع دی تھی۔ صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر ایوان میں بحث کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں ہاتھرس میں ایک تقریب میں بھگدڑ کی افسوسناک اطلاع ملی ہے جس میں کچھ لوگ ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔