عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سول سیکرٹریٹ میں محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلی سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے عہدیداروں، ڈی سیز اور ایس ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ شیعہ برادری کے سرکردہ ارکان اور مذہبی رہنمائوں کے ساتھ ملاقاتیں کریں تاکہ ان کے مسائل اور مطالبات کو جلد از جلد حل کیا جا سکے تاکہ محرم کو خوش اسلوبی سے منایا جا سکے۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور اعلی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ امام بارگاہوں تک سڑکوں کے رابطوں کو بہتر بنانے، بلاتعطل بجلی کی فراہمی اور پینے کے پانی کی سہولیات، خاص طور پر امام بارگاہوں میں اور اس کے اطراف میں صفائی ستھرائی کے مناسب اقدامات، راشن کی پیشگی تقسیم اور ضرورت کے مطابق دیگر سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کو خوش اسلوبی سے منانے کے لیے تمام انتظامات پہلے سے مکمل کر لیے جائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے بازار کے باقاعدہ معائنہ اور ضروری اشیا کی دستیابی کو یقینی بنانے پر زور دیا۔انہوں نے اہم مذہبی مقامات اور اجتماعات پر سکیورٹی، ٹریفک کے ہموار انتظام اور طبی سہولیات کے حوالے سے بھی بھرپور انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنرز نے چیئرمین کو آئندہ محرم الحرام کے حوالے سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی۔