عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// امرناتھ یاترا کے یاتریوں کا پہلا جتھا جمعہ کو کشمیر پہنچے گا ، رواں سال یاترا 29 جون سے شروع ہوگی۔ یاتریوں نے پہلے ہی جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس پہنچنا شروع کر دیا ہے جہاں سے وہ شمالی کشمیر کے بالتل اور جنوبی کشمیر اننت ناگ بیس کیمپوں کے لیے حفاظتی قافلوں کے ساتھ روانہ ہوں گے۔
حکام نے بتایا کہ یاتریوں کی پہلی کھیپ جمعہ کی صبح 4 بجے بھگوتی نگر یاتری نواس سے وادی کیلئے ایک حفاظتی قافلے کے ساتھ روانہ ہوگی اور وہ ہفتہ کو ‘درشن’ کریں گے۔
تقریباً 300 کلومیٹر طویل جموں سرینگر قومی شاہراہ کو محفوظ بنانے کیلئے سینکڑوں سی اے پی ایف اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ مزید سی اے پی ایف ٹیمیں 85 کلومیٹر طویل سرینگر-بالتل بیس کیمپ روڈ اور قاضی گنڈ-پہلگام بیس کیمپ روڈ کی حفاظت کر رہی ہیں۔
حکام نے سرینگر-بالتل روٹ پر گاندربل ضلع کے منی گام اور قاضی گنڈ-پہلگام روٹ پر میر بازار میں یاترا ٹرانزٹ کیمپ قائم کیے ہیں۔
رواں سال کی امرناتھ یاترا کیلئے اب تک کل 3.50 لاکھ یاتریوں نے رجسٹریشن کرایا ہے۔ 125 ‘لنگر’ (کمیونٹی کچن) گپھا تک جانے والے دونوں راستوں کے ساتھ قائم کیے گئے ہیں۔ ان لنگروں میں 7000 سے زیادہ سیوادار یاتریوں کی خدمت کریں گے۔
پہلگام اور بالتل دونوں راستوں پر زائرین کے لیے ہیلی کاپٹر خدمات بھی دستیاب ہیں۔
رواں سال، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، مقامی پولیس، بی ایس ایف اور سی آر پی ایف سے 38 پہاڑی بچاو ٹیمیں یاترا کے لیے تعینات کی گئی ہیں۔ ہر سال کامیاب امرناتھ یاترا میں مقامی پورٹر، پونیوالے اور دستی مزدوروں کا بڑا حصہ ہوتا ہے۔
ننوان (پہلگام-گپھا) روایتی راستہ 48 کلومیٹر لمبا ہے جبکہ بالتل-گپھا کا راستہ صرف 14 کلومیٹر طویل ہے۔ روایتی ننوان (پہلگام-گپھا) کے راستے کا استعمال کرتے ہوئے یاتریوں کو گپھا تک پہنچنے میں چار دن لگتے ہیں جبکہ بالتل-گپھا کے چھوٹے راستے کا استعمال کرنے والے ‘درشن’ کرتے ہیں اور اسی دن بیس کیمپ واپس آتے ہیں۔
رواں سال کی 52 دن طویل یاترا 29 جون کو شروع ہوگی اور 19 اگست کو رکشا بندھن اور شراون پورنیما کے تہواروں کے ساتھ ختم ہوگی۔