یو این آئی
نئی دہلی// کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے منگل کو کہا کہ اگر اپوزیشن کو ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ دیا جاتا ہے تو وہ (اپوزیشن) اسپیکر کے لئے حکومت کی پسند کی حمایت کرے گا۔ گاندھی نے پارلیمنٹ کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا’’مجھے اخبارات کے ذریعے معلوم ہوا ہے کہ وزیر اعظم نے اپوزیشن سے حکومت کے ساتھ تعمیری تعاون کرنے کو کہا ہے۔ کھڑگے کو راج ناتھ سنگھ جی کا فون آیا تھا جس میں انہوں نے اسپیکر کی حمایت کرنے کو کہا تھا۔ پورے اپوزیشن نے کہا کہ ہم اپوزیشن کا ساتھ دیں گے لیکن روایت یہ ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ اپوزیشن کو دیا جاناچاہئے۔انہوں نے کہا ’’کل شام راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ وہ کھڑگے کو واپس بلائیں گے، لیکن ابھی تک انہیں نہیں بلایا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ واضح ہے کہ وزیراعظم تعمیری اپوزیشن نہیں چاہتے۔ اگر حکومت اپوزیشن کو ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ دیتی ہے تو اپوزیشن اسپیکر کی مکمل حمایت کرے گی۔