عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//فوج نے پیر کو راجوری اور پونچھ اضلاع کے ہونہار بچوں کو مبارکباد دی جنہوں نے مختلف امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معاشرے کا نام روشن کیا۔فوج نے اپنے سرکاری بیان میں کہا کہ بچے ہمارے ملک کا مستقبل ہیں، اور وہ تبھی ‘قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں، جب ان کی عقلی اور باخبر فیصلے کرنے کی صلاحیت بہتر ہو۔یہ اس بات پر منحصر ہے کہ وہ کتنی اچھی طرح سے تعلیم یافتہ اور تیار ہیں اور پونچھ اور راجوری جموں اور کشمیر کے سب سے حساس علاقوں میں سے ایک ہیں، اور تعلیم قوم کی تعمیر، اور عسکریت پسندی کے اثر کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔فوج نے کہا’’بہترین تعلیمی کارکردگی کو تسلیم کرنے اور اعزاز دینے کے لیےفوج کی ذمہ داری کے علاقے میں مختلف دیہاتوں سے سترہ ہونہار بچوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا”۔ فوج نے مزید کہا کہ ان بچوں کو ان کے قابل فخر والدین کے ساتھ فوج کے زیر اہتمام ایک تقریب میں مدعو کیا گیا تھا اور انہیں مبارکباد دی گئی تھی۔ایک غیر رسمی انٹرایکٹو سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں بچوں اور والدین نے فوجیوںکے ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تقریب کے ایک حصے کے طور پر، بچوں اور ان کے والدین کو ہندوستان کے مختلف تعلیمی اداروں جیسے راشٹریہ انڈین ملٹری کالج، سینک اسکول اور ملٹری اسکولوں کے بارے میں بھی بصیرت فراہم کی گئی۔