یو این آئی
سرینگر// ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) لا اینڈ آرڈو اور ایس ڈی آر ایف کے کمانڈنٹ وجے کمار نے انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وی کے بردی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ شری امر ناتھ جی یاترا کے پیش نظر جموں و کشمیر پولیس، ایس ڈی آر ایف، بی ایس ایف اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ایم آر ٹی ٹیموں کو بریفنگ دی۔
بتادیں کہ امسال سالانہ شری امرناتھ جی یاترا 29 جون سے شروع ہو رہی ہے جس کے لئے تمام تر انتظامات کئے جا رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اعلیٰ افسروں نے سامان کا بھی معائینہ کیا اور یاترا سے قبل ٹیموں کو بھی بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ ڈی آئی جی جنوبی کشمیر، ڈی آئی جی آرمڈ، این ڈی آر ایف کے کمانڈنگ افسر اور ایس ڈی آر ایف کے کمانڈنگ افسر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر پولیس کی 13، ایس ڈی آر ایف کی 11، این ڈی آر ایف کی 8، بی ایس ایف کی 4 اور سی آر پی ایف کی 2 ٹیموں کو بریفنگ دی گئی اور ان کو یاترا روٹس پر اضافی تعیناتی کے لئے روانہ کیا گیا۔
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کچھ روز قبل کہا کہ یاترا کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سخت حفاظتی بندو بست کے ساتھ ساتھ دوسری تمام ترسہولیات کا بھی بہترین انتظام کیا گیا ہے۔
امسال 52 دنوں پر محیط سالانہ شری امرناتھ جی یاترا 29 جون سے شروع ہوگی۔
یاترا حسب روایت 48 کلو میٹر طویل بنون – پہلگام اور 14 کلو میٹر طویل بالتل روٹس سے شروع ہوگی۔
سال گذشتہ زائد از ساڑھے چار لاکھ یاتریوں نے شری امر ناتھ جی یاترا کی تھی۔