یو این آئی
نئی دہلی// ہنر مندی کی ترقی اور انٹرپرینیورشپ کی وزارت (ایم ایس ڈی ای) نے آسٹریلیا کی حکومت کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے درمیان زرعی مہارت کے شعبے میں کئے گئے پائلٹ پروجیکٹوں کے نتائج پر گول میز کانفرنس کی میزبانی کی اور اسے مفید قراردیا۔بدھ کو جاری کردہ وزارت کی ریلیز کے مطابق، کانفرنس میں ہنر مندی کی ترقی اور انٹرپرینیورشپ (ایم ایس ڈی ای) کی وزارت کے سکریٹری اتل کمار تیواری نے کہا، “پیشہ ورانہ تعلیم اور تربیت میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعاون کے نتائج سامنے آئے ہیں اور یہ منصوبے کی اہمیت کا ایک اور ثبوت ہے۔” تیواری نے کہا کہ زراعت کا شعبہ، ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، غذائی تحفظ اور روزگار کو یقینی بنانے میں اپنے کردار کے لیے انتہائی اہم ہے اور آسٹریلیا-انڈیا کریٹیکل ایگریکلچرل سکلز پروجیکٹ جیسی مسلسل کوششوں کے ساتھ، ہم اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ یہ شعبہ جدیدیت اور پائیداری کے چیلنجز کو کامیابی سے حل کر سکے۔ تیواری اور نئی دہلی میں آسٹریلوی ہائی کمیشن کے ایجوکیشن اینڈ ریسرچ ڈویڑن کے قونصل انچارج میتھیو جانسن کی قیادت میں، گول میز کانفرنس میں اس پہل کو آگے بڑھانے، اسے بڑے پیمانے پر لانے اوردیگر شعبوں میں اس ماڈل کو دہرانے کے مواقع پر توجہ مرکوز کی گئی۔کانفرنس میں نیشنل کونسل آف ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (این سی وی ای ٹی)، نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ڈی سی)، انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اے آر)، وزارت تعلیم (ایم اوای) اور ایگریکلچرل اسکلز کونسل آف انڈیا (اے ایس سی آئی) کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔یہ منصوبہ گزشتہ سال مارچ میں شروع کیا گیا تھا۔ وزارت نے کہا کہ پروجیکٹ کا کام ماہرین، سرکاری تنظیموں، تحقیقی تنظیموں، کثیرالجہتی تنظیموں، غیر منافع بخش تنظیموں اور صنعتی انجمنوں کے ساتھ مشاورت کے ایک وسیع عمل کے بعد کامیاب ہوا ہے۔