عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیراعظم نریندر مودی کے دورئہ سرینگر کے پیش نظرٹریفک پولیس نے آج اور کل کیلئے ایک ایڈوائزی جاری کی ہے۔ایک بیان کے مطابق بلیوارڈ روڈ پر گول چکری رام منشی باغ، نہرو پارک سے کرالہ سنگری تک 20 جون کی سہ پہر3 بجے سے 21 جون کی صبح 11 بجے تک ٹریفک کی نقل و حرکت محدود رہے گی۔ ایسے تمام ٹرانسپورٹر جو نشاط، شالیمار اور ہارون کی طرف سفر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بلیوارڈ روڈ کے بجائے ڈلگیٹ، رعناواری اور حضرت بل روٹ سے متبادل سڑک اختیار کریں۔ایسی تمام گاڑیوں کیلئے ٹریفک امدادی پوائنٹس بڈیاری، نہرو پارک، گپکار، کرالہ سنگری اور نشاط پر رکھے جائیں گے تاکہ نشاط، شالیمار اورہارون کی طرف آسانی سے نقل و حرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔اسی طرح ہارون،شالیمار،نشاط اور دیگر ملحقہ علاقوں سے لالچوک کی طرف سفر کرنے کا ارادہ رکھنے والے ٹریفک کو مشورہ دیا گیاہے کہ وہ نشاط بلیوارڈ روڈ کے بجائے فورشور اورحضرت بل روٹ سے سفر کریں تاکہ وہ اپنی اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔مغل باغات اور دیگر مقامات پر جانے کا ارادہ رکھنے والے سیاحوں کو ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیاہے۔نہرو پارک کے مقامی افراد اور سیاحوں کو گگری بل، بچھوارہ روڈ اور ڈلگیٹ کے راستے ایگزٹ کا استعمال کرنا چاہیے، اسی طرح یو این او آفس، سی ڈی ہسپتال سے نہرو پارک تک ایک راستہ اختیار کیا جائے گا۔ گلاب باغ،زکورہ،نسیم باغ،حبک اور ملحقہ علاقوں سے سفر کرنے کا ارادہ رکھنے والے فورشور روڈ کے بجائے لالچوک تک پہنچنے کیلئے حبک،درگاہ اورخانیار کا راستہ اختیار کریں۔ گاڑیوں کو صرف پارکنگ کی مخصوص جگہوں پر کھڑا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔