یو این آئی
نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں 10ویں بین الاقوامی یوم یوگا کی مرکزی تقریب جموں و کشمیر کی راجدھانی سری نگر میں منعقد ہوگی۔
آیوش کے مرکزی وزیر مملکت پرتاپ راؤ گنپت راؤ جادھو نے منگل کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ 10ویں بین الاقوامی یوگا ڈے کا تھیم ہے – ’’ خود اور معاشرے کے لیے ‘‘ ہے ، جو انفرادی اور سماجی بہبود کو فروغ دینے میں یوگا کے دوہرے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ہر گاؤں کے سربراہ کو ایک خط بھیجا ہے، جس میں دیہی علاقوں میں یوگا کے پھیلاؤ اور نچلی سطح پر لوگوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔
مسٹر جادھو نے بتایا کہ مرکزی تقریب 45 منٹ کی ہوگی اور اس میں مختلف یوگا آسن کئے جائیں گے۔ پوری تقریب 22 ہندوستانی زبانوں، اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ چھ زبانوں اور نو دیگر بڑی غیر ملکی زبانوں میں نشر کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر میں ہندوستانی سفارت خانوں میں یوگا پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 170 ممالک میں یوگا پروگرام منعقد کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ سری نگر میں یوگا ڈے کی تقریبات کے مقام پر ایک نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا ہے، جس میں کشمیر کی مقامی ادویات اور متعلقہ جڑی بوٹیوں اور اسٹارٹ اپس کے اسٹالز لگائے جائیں گے۔
یوم یوگا سے متعلق پروگراموں کی تفصیلات بتاتے ہوئے مسٹر جادھو نے کہا کہ بین الاقوامی یوگا ڈے 2024 کے موقع پر آیوش کی وزارت ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم کے ساتھ مل کر ‘یوگا فار اسپیس’ کے نام سے ایک منفرد پہل کا اہتمام کر رہی ہے۔ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو ) کے تمام سائنسدان اور اہلکار “کامن یوگا پروٹوکول” کے رہنما خطوط کے مطابق مل کر یوگا کریں گے۔ گگن یان پروجیکٹ کی ٹیم بھی یوگا کی مشق کرکے بین الاقوامی یوگا ڈے کی عالمی مہم میں حصہ لے گی۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے آیوش نے بصارت سے محروم افراد کے لیے بریل میں کامن یوگا پروٹوکول بک کا اجراء کریں گے تاکہ وہ آسانی سے یوگا سیکھ سکیں اور اس پر عمل کر سکیں اور بچوں کے لیے ’پروفیسر آیوشمان‘ نامی ایک مزاحیہ کتاب کا اجراء کیا۔
یوگا کے میدان میں ٹیکنالوجی اور اسٹارٹ اپس کو فروغ دینے کے لیے آیوش کی وزارت نے ’یوگا ٹیک چیلنج‘ مقابلے کا انعقاد کیا ہے۔ اس مقابلے کا مقصد ایسے اسٹارٹ اپس یا افراد کی شناخت اور فروغ دینا ہے جنہوں نے یوگا سے متعلق آلات بنائے ہیں، سافٹ ویئر تیار کیا ہے اور متعلقہ مصنوعات تیار کی ہیں۔
دہلی میں آیوش کی وزارت نے نئی دہلی میونسپل کونسل، آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا اور دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ 21 جون کو بڑے پیمانے پر یوگا پروگرام منعقد کرنے کے لیے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ وزارت کو برہما کماری، آرٹ آف لیونگ، پتنجلی، گایتری پریوار، ایشا یوگا سنٹر، انٹر یونیورسٹی سنٹر فار یوگک سائنسز، ہارٹ فلنیس اور دیگر جیسی سماجی تنظیموں سے بھی تعاون حاصل ہے۔
عوام کو مشغول کرنے کے لیے آیوش کی وزارت نے کئی مقابلے اور سرگرمیاں شروع کی ہیں۔ ایک پہل “خاندان کے ساتھ یوگا” ویڈیو مقابلہ ہے، جس کا اہتمام انڈین کونسل فار کلچرل ریلیشنز کے تعاون سے کیا گیا ہے۔ یہ مقابلہ دنیا بھر کے خاندانوں کو یوگا کی تقریبات میں حصہ لینے کی ترغیب دیتا ہے۔ ویڈیو جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 جون ہے۔
ستمبر 2014 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسٹر مودی کی تجویز کے بعد 11 دسمبر 2014 کو متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ہر سال 21 جون کو بین الاقوامی یوگا ڈے’ کے طور پر منایا جائے گا۔ بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی یہ ایک اہم سفارتی فتح ہے۔ اس کوشش کی وجہ سے یوگا کو بین الاقوامی صحت کی دیکھ بھال کے نظام کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔